نئے سرے سے پیدا ہونے کا کیا مقصد ہے؟
بہت سے لوگوں کا ایمان ہے کہ نئے سرے سے پیدا ہونے کا مقصد ابدی نجات حاصل کرنا ہے۔ لیکن غور کریں کہ یسوع مسیح نے نئے سرے سے پیدا ہونے کے مقصد کے بارے میں کیا بیان کِیا۔ اُس نے کہا: ”جب تک کوئی نئے سرے سے پیدا نہ ہو وہ خدا کی بادشاہی کو دیکھ نہیں سکتا۔“ (یوحنا ۳:۳) لہٰذا، نجات حاصل کرنے کے لئے نہیں بلکہ خدا کی بادشاہت میں داخل ہونے کے لئے کسی شخص کو نئے سرے سے پیدا ہونے کی ضرورت ہے۔ مگر بعض لوگ شاید یہ کہیں کہ خدا کی بادشاہت میں داخل ہونا اور نجات حاصل کرنا ایک ہی بات ہے۔ لیکن ایسا نہیں ہے۔ اِن دونوں کے مابین فرق کو سمجھنے کے لئے آئیں پہلے اصطلاح ”خدا کی بادشاہی“ پر غور کریں۔
بادشاہت سے مُراد ایک حکومت ہے۔ اِس لئے ”خدا کی بادشاہی“ سے مُراد ”خدا کی حکومت“ ہے۔ خدا کا کلام بیان کرتا ہے کہ یسوع مسیح جسے ”آدمزاد“ یا ”ابنِآدم“ کہا گیا ہے وہ خدا کی بادشاہت کا بادشاہ ہے اور اُس کے ساتھ اَور حکمران بھی ہیں۔ (دانیایل ۷:۱، ۱۳، ۱۴؛ متی ۲۶:۶۳، ۶۴) اِس کے علاوہ، یوحنا رسول کو دی گئی رویا میں ظاہر کِیا گیا کہ یسوع مسیح کے ساتھ حکمرانی کرنے والوں کو ”زمین پر بادشاہی“ کرنے کے لئے”ہر ایک قبیلہ اور اہلِزبان اور اُمت اور قوم“ میں سے چنا گیا ہے۔ (مکاشفہ ۵:۹، ۱۰؛ ۲۰:۶) خدا کا کلام اِس بات کو بھی واضح کرتا ہے کہ بادشاہی کرنے والے ایک”چھوٹے گلّے“ کو تشکیل دیتے ہیں۔ یہ چھوٹا گلّہ ”دُنیا میں سے خرید لئے“ جانے والے ۱،۴۴،۰۰۰ اشخاص پر مشتمل ہے۔—لوقا ۱۲:۳۲؛ مکاشفہ ۱۴:۱، ۳۔
خدا کی بادشاہت کہاں پر قائم ہے؟ ”خدا کی بادشاہی“ کو ”آسمان کی بادشاہی“ بھی کہا گیا ہے۔ اِس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یسوع مسیح اور اُس کے ساتھ حکمرانی کرنے والے اشخاص آسمان سے حکمرانی کرتے ہیں۔ (لوقا ۸:۱۰؛ متی ۱۳:۱۱) پس خدا کی بادشاہت آسمانی حکومت ہے جسے یسوع مسیح اور اُس کے ساتھ حکمرانی کرنے والے وہ اشخاص تشکیل دیتے ہیں جنہیں انسانوں میں سے چنا گیا ہے۔
تو پھر یسوع مسیح کے اِن الفاظ کا کیا مطلب تھا کہ ”خدا کی بادشاہی میں داخل“ ہونے کے لئے نئے سرے سے پیدا ہونا ضروری ہے؟ اِن الفاظ سے مُراد یہ تھی کہ آسمان میں یسوع کے ساتھ حکمرانی کرنے کے لئے ایک شخص کو نئے سرے سے پیدا ہونے کی ضرورت ہے۔ لہٰذا، نئے سرے سے پیدا ہونے کا مقصد انسانوں کے ایک گروہ کو آسمان میں حکومت کرنے کے لئے تیار کرنا ہے۔
پس ہم نے سیکھ لیا ہے کہ نئے سرے سے پیدا ہونا بہت اہمیت کا حامل ہے۔ ہم یہ بھی جان گئے ہیں کہ کسی شخص کے نئے سرے سے پیدا ہونے کا فیصلہ یہوواہ خدا کرتا ہے۔ نیز یہ کہ نئے سرے سے پیدا ہونے کا مقصد انسانوں کے ایک گروہ کو آسمان میں حکمرانی کرنے کے لئے تیار کرنا ہے۔ لیکن اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کوئی شخص نئے سرے سے کیسے پیدا ہوتا ہے؟
[صفحہ ۷ پر عبارت]
نئے سرے سے پیدا ہونے کا مقصد انسانوں کے ایک گروہ کو آسمان میں حکمرانی کرنے کے لئے تیار کرنا ہے
[صفحہ ۷ پر تصویر]
یسوع مسیح اور اُس کے ساتھ حکمرانی کرنے والے وہ اشخاص خدا کی بادشاہت کو تشکیل دیتے ہیں جنہیں انسانوں میں سے چنا گیا ہے