شفقت کسقدر اہم ہے؟
بائبل بیان کرتی ہے، ”آدمی کی مقبولیت اُسکے احسان [”شفقت،“ اینڈبلیو] سے ہے۔“ (امثال ۱۹:۲۲) بِلاشُبہ، پُرشفقت کام واقعی پسندیدہ ہوتے ہیں۔ تاہم، بائبل میں لفظ ”شفقت“ پہلے سے قائمشُدہ رشتے پر مبنی نوازش کی طرف اشارہ کرتا ہے جیسےکہ شفقت دکھانے میں پہل کرنے والے کسی شخص کیلئے شفقت دکھانا۔ لہٰذا، اس میں وفاداری بھی شامل ہے۔
یہوداہ کا بادشاہ یوآس یہ پسندیدہ خوبی پیدا کرنے میں ناکام رہا۔ اُس پر اُسکی پھوپھو اور پھوپھا یہویدع کا بڑا احسان تھا۔ جب یوآس ابھی ایک برس کا بھی نہیں تھا تو اُسکی دادی نے خود کو ملکہ بناتے ہوئے یوآس کے سب بھائیوں کو قتل کر ڈالا جو اُس تخت کے وارث تھے۔ تاہم وہ یوآس کو قتل کرنے میں ناکام رہی کیونکہ اُسکی پھوپھو اور پھوپھا نے اُسے چھپا دیا تھا۔ اُنہوں نے اُسے خدا کی شریعت بھی سکھائی۔ جب یوآس سات برس کا ہوا تو اُسکے پھوپھا نے سردار کاہن کے طور پر اپنے اختیار کو استعمال کرتے ہوئے بدکار ملکہ کو سزا دلوائی اور یوآس کو بادشاہ کے تخت پر بٹھا دیا۔—۲-تواریخ ۲۲:۱۰–۲۳:۱۵۔
اپنے پھوپھا کی وفات تک نوعمر یوآس نے اچھے طریقے سے حکمرانی کی مگر اسکے بعد وہ بُتپرستی میں پڑ گیا۔ یوآس کو اُس کی برگشتگی کے خلاف آگاہ کرنے کے لئے یہوواہ نے یہویدع کے بیٹے زکریاہ کو بھیجا۔ یوآس نے زکریاہ کو سنگسار کروا دیا۔ اُس خاندان کیساتھ کیسی بیوفائی جس نے اُس پر بہت احسان کئے تھے!—۲-تواریخ ۲۴:۱۷-۲۱۔
بائبل بیان کرتی ہے: ”یوآؔس بادشاہ نے اُس کے باپ یہوؔیدع کے احسان [شفقت] کو جو اُس نے اُس پر کِیا تھا یاد نہ رکھا بلکہ اُس کے بیٹے کو قتل کِیا۔“ زکریاہ نے مرتے وقت کہا: ”[یہوواہ] اس کو دیکھے اور انتقام لے۔“ زکریاہ کی بات کے مطابق، یوآس بہت بیمار ہو گیا اور اُسی کے ملازموں نے اُسے قتل کر دیا۔—۲-تواریخ ۲۴:۱۷-۲۵۔
یوآس جیسے انجام کو پہنچنے کی بجائے، اس مشورت پر دھیان دینے والے سب لوگ ایک تابناک مستقبل کے وارث ہونگے: ”شفقت اور سچائی تجھ سے جُدا نہ ہوں۔ یوں تُو خدا اور انسان کی نظر میں مقبولیت . . . حاصل کریگا۔“—امثال ۳:۳، ۴۔