بادشاہتی مُناد رپورٹ دیتے ہیں
خدا نے اُسکے آنسو پونچھ دئے ہیں
اپنی زندگیوں کو یہوواہ کے آئین اور اصولوں کے مطابق ڈھالنے والے بڑی برکت حاصل کرتے ہیں۔ اگرچہ اپنے اندر ضروری تبدیلیاں پیدا کرنا ہمیشہ آسان تو نہیں ہوتا توبھی اس کیلئے مدد اور حوصلہافزائی حاصل کرنا ممکن ہے۔ (زبور ۸۴:۱۱) جنوبمشرقی ایشیا سے مندرجہذیل تجربہ اسکا واضح ثبوت ہے۔
فرانس سے یہوواہ کی ایک گواہ نے اپنی چھٹیوں کے دوران کیمa نامی ایک دُکاندار سے زمین کیلئے یہوواہ کے مقصد کی بابت گفتگو کی۔ اُس نے اُسے آپ زمین پر فردوس میں ہمیشہ زندہ رہ سکتے ہیں کتاب بھی پیش کی۔ کتاب کا سرسری سا جائزہ لیتے ہوئے، کیم کی نظر اِن الفاظ پر پڑی، ”وہ اُنکی آنکھوں کے سب آنسو پونچھ دیگا۔“ (مکاشفہ ۲۱:۴) کیم بیان کرتی ہے کہ ”اس آیت نے مجھ پر گہرا اثر ڈالا۔ سارا دن دُکان پر مجھے ہنستےمسکراتے دیکھ کر کون یہ کہہ سکتا ہے کہ جب مَیں گھر آتی ہوں تو رات گئے تک آنسو بہاتی رہتی ہوں؟“ اپنے غم کا سبب بیان کرتے ہوئے اُس نے کہا: ”مَیں ۱۸ سال سے ایک شخص کیساتھ رہ رہی تھی اور نہایت غمگین تھی کیونکہ اُس نے مجھ سے شادی کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ مَیں اِس کھوکھلے رشتے کو ختم تو کرنا چاہتی تھی مگر اُس کیساتھ اتنا لمبا عرصہ گزارنے کے بعد اب اُسے چھوڑنے کی مجھ میں ہمت نہیں تھی۔“
کچھ عرصہ بعد، کیم نے یہوواہ کی ایک گواہ لائنا کیساتھ بائبل مطالعہ شروع کر دیا۔ کیم کہتی ہے کہ ”مَیں بائبل کی تعلیم کے مطابق عمل کرنا چاہتی تھی۔ مثال کے طور پر مَیں نے اپنے آباؤاجداد کی پرستش کرنا چھوڑ دی جسکی وجہ سے مجھے خاندان کی طرف سے کافی مخالفت کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ مزیدبرآں، مَیں نے اُس شخص کیساتھ اپنے رشتے کو قانونی طور پر جائز بنانے کی بھی کوشش کی مگر اُس نے میرا ساتھ نہ دیا۔ اس مشکل وقت میں فرانس سے وہی گواہ مجھے بائبل پر مبنی مطبوعات بھیجتی رہی جبکہ لائنا بھی مسلسل میری حوصلہافزائی کرتی رہی۔ ان بہنوں کے صبر اور مشفقانہ حمایت نے قائم رہنے میں میری مدد کی اور بالآخر میں اُس شخص کی اصلیت پہچان گئی۔ مجھے پتہ چلا کہ اُسکی تو پہلے ہی سے ۵ بیویاں اور ۲۵ بچے ہیں! اس سے مجھے اُسے چھوڑ دینے کا حوصلہ ملا۔
”ایک آرامدہ اور عالیشان گھر کو چھوڑ کر چھوٹے سے اپارٹمنٹ میں رہنا آسان نہیں تھا۔ اس کے علاوہ، اُس شخص نے مجھے دوبارہ اپنے ساتھ رہنے پر مجبور کِیا، حتیٰکہ مجھے یہ دھمکی بھی دی کہ اگر مَیں نے انکار کِیا تو وہ تیزاب پھینک کر میرا چہرہ بگاڑ دیگا۔ تاہم، یہوواہ کی مدد سے مَیں صحیح قدم اُٹھانے کے قابل ہوئی۔“ کیم مسلسل ترقی کرتی رہی اور بالآخر اُس نے اپریل ۱۹۹۸ میں بپتسمہ لے لیا۔ اُسکی دو بہنوں اور نوعمر بیٹے نے بھی یہوواہ کے گواہوں کیساتھ بائبل مطالعہ شروع کِیا۔
کیم کہتی ہے: ”مَیں سوچتی تھی کہ میری زندگی میں کبھی خوشی نہیں آ سکتی۔ لیکن آج میں خوش ہوں اور راتوں کو آنسو نہیں بہاتی۔ یہوواہ نے واقعی میری آنکھوں سے آنسو پونچھ دئے ہیں۔“
[فٹنوٹ]
a نام بدل دئے گئے ہیں۔