نیک کاموں سے خدا کی تمجید ہوتی ہے
خدا سے محبت کرنے والے اُسکے کلام بائبل کی روحانی روشنی چمکانے کی کوشش کرتے ہیں۔ یوں وہ یسوع کے اس حکم پر عمل کرتے ہیں: ”اِسی طرح تمہاری روشنی آدمیوں کے سامنے چمکے تاکہ وہ تمہارے نیک کاموں کو دیکھکر تمہارے باپ کی جو آسمان پر ہے تمجید کریں۔“ (متی ۵:۱۶) لہٰذا، ہماری گفتگو اور راست چالچلن خدا کی تمجید کا باعث بن سکتا ہے۔
یہوواہ کے گواہ بائبل پر عمل کرنے اور دوسروں کی روحانی مدد کرنے سے خدا کو خوش کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ وہ اُن ممالک میں بھی ایسا کرتے ہیں جہاں اُنکی عوامی خدمتگزاری کو قانونی طور پر ابھی تسلیم نہیں کِیا گیا۔ ایسے ہی ایک ملک کے دارالحکومت میں، گواہ سالانہ کنونشن منعقد کرتے ہیں جن پر عموماً ۶،۰۰۰ سے ۹،۰۰۰ کی حاضری ہوتی ہے۔ ایسے اجتماعات کیلئے وہ ایک کمپلیکس کے ہال کرائے پر لیتے ہیں جہاں نمائشیں منعقد ہوتی ہیں۔ گزشتہ سالوں کی طرح، سینکڑوں گواہوں نے ۱۹۹۹ کے کنونشن سے پہلے ان عمارتوں کی صفائی اور صوتی نظام اور ہزاروں کرسیوں کا بندوبست کرنے کیلئے بہت محنت کی۔
یہ تمام تیاری چھپی نہ رہی۔ کمپلیکس کی انتظامیہ نے ان کارگزاریوں پر غور کِیا۔ اُنہوں نے یہ دیکھا کہ ۱۵،۶۶۶ کی انتہائی حاضری کے باوجود کسی قسم کی افراتفری نہیں تھی بلکہ گواہوں نے بڑی شائستگی اور قرینے کا مظاہرہ کِیا۔ انتظامیہ اس بات سے بھی بہت متاثر ہوئی کہ پروگرام کے اختتام پر عمارت کو بڑی صافستھری حالت میں چھوڑا گیا تھا۔
انتظامیہ نے اس کیلئے اپنی قدردانی کا اظہار کرتے ہوئے گواہوں کو اپنی ترجیحی فہرست میں رکھا ہے جس کے مطابق اُنہیں اگلے سال عمارت کرائے پر لینے کیلئے پہلے موقع دیا جائیگا۔ تاہم، انتظامیہ نے اس سے بھی زیادہ قدرافزائی دکھائی۔ جولائی ۱۵، ۱۹۹۹ کو اُنہوں نے کنونشن کمیٹی کو قدردانی کا ایوارڈ پیش کِیا۔ اس اعزازی تختی پر یہ عبارت کندہ تھی: ”یہوواہ کے گواہوں کی کلیسیا“—یہ بات ایک ایسے ملک میں واقعی غیرمتوقع تھی جہاں اُنکے بائبل کے تعلیمی کام پر پابندی ہے۔
اُمید کی جاتی ہے کہ ۲۰۰۰/۲۰۰۱ میں پوری دُنیا کے اندر یہوواہ کے گواہوں کے سینکڑوں ڈسٹرکٹ کنونشنوں پر لاکھوں کی تعداد میں لوگ حاضر ہونگے جنکا موضوع ہوگا، ”خدا کے کلام پر عمل کرنے والے۔“ ان پر حاضر ہونے سے، آپ ذاتی طور پر دیکھ سکتے ہیں کہ خلوصدلی سے بائبل پر عمل کرنے والے تمام لوگ اُن نیک کاموں میں کیسے حصہ لیتے ہیں جن سے خدا کی تمجید ہوتی ہے۔