’اَے یہوواہ! مَیں تیرے مذبح کا طواف کرونگا‘
”مَیں بےگُناہی میں اپنے ہاتھ دھوؤنگا اور اَے [یہوواہ]! مَیں تیرے مذبح کا طواف کرونگا۔“ (زبور ۲۶:۶) قدیم زمانہ کے بادشاہ داؤد نے اِن الفاظ میں یہوواہ کے لئے اپنی عقیدت کا اظہار کِیا۔ تاہم، وہ یہوواہ کے مذبح کا ”طواف“ کیوں کریگا اور اس سے کیا مُراد ہے؟
داؤد کیلئے خیمۂاجتماع اور اسکا تانبے کا مذبح یہوواہ کی پرستش کا مرکز تھا جو اُسکے عہدِحکومت میں یروشلیم کے شمال میں جبعون کے علاقہ میں واقع تھا۔ (۱-سلاطین ۳:۴) یہ مذبح تقریباً سات فٹ کا چوکور تھا اور بعدازاں سلیمان کی ہیکل کے صحن میں تعمیر ہونے والے عظیمالشان مذبح کی نسبت بہت چھوٹا تھا۔a پھربھی، داؤد کو خیمۂاجتماع اور اُسکے مذبح سے بیحد لگاؤ تھا جو اسرائیل میں سچی پرستش کا مرکز تھا۔—زبور ۲۶:۸۔
مذبح پر سوختنی قربانیاں، سلامتی کے ذبیحے اور خطا کی قربانیاں گذرانی جاتی تھیں اور سالانہ یومِکفارہ پر پوری قوم کیلئے قربانیاں پیش کی جاتی تھیں۔ مذبح اور اُس پر پیش کی جانے والی قربانیاں آجکل کے مسیحیوں کیلئے پُرمعنی ہیں۔ پولس رسول نے واضح کِیا کہ مذبح خدا کی مرضی کی علامت ہے جس کے تحت اُس نے نوعِانسان کی مخلصی کے لئے مناسب قربانی قبول کی۔ پولس نے کہا: ”اُسی مرضی کے سبب سے ہم یسوع مسیح کے جسم کے ایک ہی بار قربان ہونے کے وسیلہ سے پاک کئے گئے ہیں۔“—عبرانیوں ۱۰:۵-۱۰۔
مذبح پر قربانی گذراننے سے پہلے کاہن خود کو پاک کرنے کے لئے حسبِمعمول اپنے ہاتھ دھویا کرتے تھے۔ پس بادشاہ داؤد نے مناسب طور پر ’مذبح کا طواف‘ کرنے سے پہلے ”بےگُناہی میں“ اپنے ہاتھ دھوئے تھے۔ اُس نے ”خلوصِدل اور راستی“ سے عمل کِیا تھا۔ (۱-سلاطین ۹:۴) اگر اُس نے اس طرح سے اپنے ہاتھ نہ دھوئے ہوتے تو اُسکی پرستش—’مذبح کا طواف‘—قابلِقبول نہ ہوتی۔ یقیناً، داؤد کو لاوی کے قبیلے سے نہ ہونے کی وجہ سے مذبح پر کہانت کی خدمت انجام دینے کا شرف حاصل نہیں تھا۔ ایک بادشاہ ہونے کے باوجود، اُسے خیمۂاجتماع کے صحن میں بھی داخل ہونے کی اجازت نہ تھی۔ تاہم، ایک ایماندار اسرائیلی ہوتے ہوئے اُس نے موسوی شریعت کی فرمانبرداری کی اور باقاعدگی سے اپنی قربانیاں مذبح پر پیش کرتا رہا۔ اُس نے سچی پرستش کو اپنی زندگی کا محور بنانے کے مفہوم میں مذبح کا طواف کِیا۔
کیا ہم آجکل داؤد کے نمونے کی نقل کر سکتے ہیں؟ جیہاں۔ ہم بھی یسوع کی قربانی پر ایمان ظاہر کرنے اور ’صاف ہاتھوں اور پاک دل‘ کیساتھ یہوواہ کی حتیالمقدور خدمت کرنے سے اپنے ہاتھ بےگُناہی میں دھو کر خدا کے مذبح کا طواف کر سکتے ہیں۔—زبور ۲۴:۴۔
[فٹنوٹ]
a یہ مذبح تقریباً ۳۰ فٹ کا چوکور تھا۔
[صفحہ ۲۳ پر تصویر]
مذبح یہوواہ کی مرضی کی علامت تھا جس کے تحت اُس نے نوعِانسان کی مخلصی کیلئے مناسب قربانی قبول کی