ایک خاص تقریب—کیا آپ حاضر ہونگے؟
کوئی ۳،۵۰۰ سال قبل ایک یادگار دن پر یہوواہ خدا نے مصر میں اسیر اسرائیلیوں کے ہر خاندان کو ایک بکرا یا بّرہ ذبح کر کے اُس کا خون اپنے گھر کے دروازوں کے دونوں بازوؤں اور اُوپر کی چوکھٹوں پر چھڑکنے کا حکم دیا۔ اُسی رات خدا کا فرشتہ اُن گھروں کو چھوڑتا گیا جن پر خون چھڑکا ہؤا تھا مگر مصریوں کے تمام گھروں میں پہلوٹھے لڑکوں کو مارتا گیا۔ اس کے بعد اسرائیلی آزاد ہو گئے۔ اِس واقعہ کی یاد میں یہودی ہر سال فسح مناتے تھے۔
اپنے رسولوں کے ساتھ آخری فسح منانے کے فوراً بعد یسوع مسیح نے ایک عشائیے کی ابتدا کی جو اُس کی قربانی کی موت کی یادگار ہوگا۔ اُس نے اپنے رسولوں کو بےخمیری روٹی دیکر کہا: ”لو کھاؤ۔ یہ میرا بدن ہے۔“ پھر اُس نے اُنکو مے کا پیالہ دیکر کہا: ”تُم سب اِس میں سے پیو۔ کیونکہ یہ میرا وہ عہد کا خون ہے جو بہتیروں کے لئے گُناہوں کی معافی کے واسطے بہایا جاتا ہے۔“ یسوع نے یہ بھی کہا: ”میری یادگاری کے لئے یہی کِیا کرو۔“ (متی ۲۶:۲۶-۲۸؛ لوقا ۲۲:۱۹، ۲۰) پس، یسوع نے اپنے شاگردوں کو اپنی موت کی یادگار منانے کا حکم دیا۔
اس سال یسوع کی موت کی سالانہ تقریب بدھ، اپریل ۱۹ کو غروبِآفتاب کے بعد منعقد ہوگی۔ اس خاص رات، پوری دُنیا میں یہوواہ کے گواہ جمع ہو کر یسوع کے بتائے گئے طریقے کے مطابق یہ یادگار منائیں گے۔ آپ کو اس تقریب میں مشاہدین کے طور پر ہمارے ساتھ شرکت کرنے کے لئے پُرتپاک دعوت دی جاتی ہے۔ براہِمہربانی اس اجلاس کا صحیح وقت اور جگہ معلوم کرنے کے لئے مقامی طور پر یہوواہ کے گواہوں سے رابطہ کریں۔