باب 23
کفرنحوم میں یسوع مسیح کے معجزے
متی 8:14-17 مرقس 1:21-34 لُوقا 4:31-41
یسوع مسیح نے ایک آدمی سے بُرا فرشتہ نکال دیا
اُنہوں نے پطرس کی ساس کو شفا دی
یسوع مسیح نے ابھی ابھی اپنے شاگردوں پطرس، اندریاس، یعقوب اور یوحنا سے کہا تھا کہ وہ مستقل طور پر اُن کی پیروی کریں۔ پھر جب سبت کا دن آیا تو وہ پانچوں کفرنحوم میں ایک عبادتگاہ میں گئے جہاں یسوع مسیح نے لوگوں کو تعلیم دی۔ لوگ اُن کے تعلیم دینے کے انداز کو دیکھ کر حیران ہوئے کیونکہ وہ شریعت کے عالموں کی طرح نہیں بلکہ اِختیار کے ساتھ تعلیم دے رہے تھے۔
اُس دن عبادتگاہ میں ایک ایسا آدمی بھی تھا جو بُرے فرشتے کے قبضے میں تھا۔ یسوع مسیح کو دیکھ کر وہ چلّانے لگا: ”یسوع ناصری! ہمارا آپ سے کیا تعلق؟ کیا آپ ہمیں مار ڈالنے آئے ہیں؟ مَیں جانتا ہوں کہ آپ کون ہیں۔ آپ خدا کے مُقدس خادم ہیں۔“ لیکن یسوع نے اُس بُرے فرشتے کو جھڑکا اور کہا: ”چپ ہو جاؤ اور اِس میں سے نکل آؤ۔“—مرقس 1:24، 25۔
اِس پر وہ بُرا فرشتہ اُس آدمی کو زمین پر گِرا کر مروڑنے لگا اور اُونچی آواز میں چلّانے لگا۔ پھر وہ ”اُسے نقصان پہنچائے بغیر اُس میں سے نکل آیا۔“ (لُوقا 4:35) یہ دیکھ کر لوگ بہت حیران ہوئے اور آپس میں کہنے لگے: ”یہ کیا ہے؟“ اُنہوں نے یسوع مسیح کے بارے میں کہا: ”یہ بڑے اِختیار کے ساتھ بُرے فرشتوں تک کو حکم دیتا ہے اور وہ اِس کا حکم مانتے ہیں۔“ (مرقس 1:27) اِس معجزے کی خبر اُس پورے علاقے میں پھیل گئی۔
اِس کے بعد یسوع مسیح اپنے شاگردوں کے ساتھ شمعون پطرس کے گھر گئے۔ وہاں پہنچ کر اُن کو پتہ چلا کہ پطرس کی ساس کو بہت تیز بخار ہے۔ شاگردوں نے یسوع مسیح سے درخواست کی کہ وہ پطرس کی ساس کے لیے کچھ کریں۔ اِس پر یسوع اُن کے پاس گئے اور اُن کا ہاتھ پکڑ کر اُنہیں اُٹھایا۔ فوراً ہی اُن کا بخار اُتر گیا اور وہ اُٹھ کر یسوع مسیح اور اُن کے شاگردوں کی خدمت کرنے لگیں۔ شاید وہ اُن کے لیے کھانا تیار کرنے لگیں۔
جب سورج ڈھلنے لگا تو بہت سے لوگ پطرس کے گھر کے سامنے جمع ہو گئے۔ ایسے لگ رہا تھا جیسے سارا شہر دروازے پر جمع ہو گیا ہو۔ لوگ ”بہت سے بیماروں کو یسوع کے پاس لائے جو طرح طرح کی بیماریوں میں مبتلا تھے۔“ یہ لوگ چاہتے تھے کہ یسوع مسیح اِن بیماروں کو شفا دیں۔ لہٰذا ”یسوع نے اُن میں سے ہر ایک پر ہاتھ رکھا اور اُن کو ٹھیک کر دیا۔“ (لُوقا 4:40) خواہ ایک شخص کیسی بھی بیماری میں مبتلا تھا، یسوع نے اُسے شفا دی بالکل جیسے کہ پیشگوئی کی گئی تھی۔ (یسعیاہ 53:4) یسوع مسیح نے اُن لوگوں کی بھی مدد کی جو بُرے فرشتوں کے قبضے میں تھے۔ اُن کے کہنے پر بُرے فرشتے اِن لوگوں میں سے نکل آئے اور چلّانے لگے کہ ”آپ خدا کے بیٹے ہیں۔“ (لُوقا 4:41) لیکن یسوع مسیح نے اِن بُرے فرشتوں کو جھڑکا اور اِن کو مزید کچھ نہیں بولنے دیا۔ یہ فرشتے جانتے تھے کہ یسوع ہی مسیح ہیں۔ مگر یسوع نہیں چاہتے تھے کہ بُرے فرشتے یہ تاثر دیں کہ وہ سچے خدا کی طرف سے بول رہے ہیں۔