باب ۵
ابرہام اور اُس کے خاندان پر خدا کی برکت
خلاصہ: ابرہام کی نسل بڑھتی گئی۔ خدا نے مصر میں یوسف کی حفاظت کی۔
یہوواہ خدا جانتا تھا کہ ایک ایسا شخص جو اُسے بہت ہی عزیز تھا، ایک دن اذیت اُٹھائے گا اور اُسے مار ڈالا جائے گا۔ اِس بات کی پیشینگوئی پیدایش ۳:۱۵ میں کی گئی تھی۔ خدا انسانوں پر یہ ظاہر کرنا چاہتا تھا کہ اُس شخص کی موت اُس کے لئے بہت ہی اذیتناک ہوگی۔ اس لئے اُس نے ابرہام کو حکم دیا کہ وہ اپنے پیارے بیٹے اضحاق کو قربان کر دے۔
ابرہام بڑے مضبوط ایمان کا مالک تھا۔ خدا نے اُس سے وعدہ کِیا تھا کہ انسانوں کو نجات دلانے والا شخص (یعنی ”نسل“) اُس کے بیٹے اضحاق کی نسل سے ہوگا۔ ابرہام کو اِس وعدے پر بھروسہ تھا۔ وہ جانتا تھا کہ خدا اضحاق کو مُردوں میں سے زندہ کر سکتا ہے۔ ابرہام خدا کے حکم پر عمل کرتے ہوئے اپنے بیٹے کو قربان کرنے ہی والا تھا کہ ایک فرشتے نے اُسے روک لیا۔ خدا اِس بات پر بہت خوش تھا کہ ابرہام اُس کے لئے اپنا پیارا بیٹا قربان کرنے کو تیار تھا۔ اِس لئے خدا نے اُن وعدوں کو دُہرایا جو اُس نے ابرہام سے پہلے بھی کئے تھے۔
بعد میں اضحاق کے دو بیٹے ہوئے۔ ایک کا نام عیسو اور دوسرے کا نام یعقوب تھا۔ عیسو دُنیادار اور لاپرواہ تھا جبکہ یعقوب دیندار اور نیک تھا۔ خدا نے یعقوب کو اُس کی نیکی کا اَجر دیا۔ اُس نے اُس کا نام اسرائیل رکھ دیا۔ اسرائیل کے ۱۲ بیٹے ہوئے اور اِن سے بنیاسرائیل کے قبیلے وجود میں آئے۔ لیکن اسرائیل کا گھرانہ ایک بڑی اور طاقتور قوم کیسے بنا؟
اِس بات کو سمجھنے کے لئے اُن واقعات پر غور کریں جو یعقوب کے بیٹے یوسف کے ساتھ پیش آئے تھے۔ یوسف کے بھائی اُس سے جلتے تھے۔ اُنہوں نے سازش کرکے اُسے غلام کے طور پر بیچ دیا اور یوں یوسف مصر پہنچ گیا۔ یوسف خدا کا دلیر اور وفادار خادم تھا۔ اُسے مصر میں طرحطرح کی اذیتیں سہنی پڑیں۔ لیکن خدا اُس کے ساتھ تھا۔ کچھ عرصے بعد فرعون یوسف پر مہربان ہوا اور اُسے بڑا اختیار سونپا۔ پھر اُس پورے علاقے میں شدید قحط پڑا۔ یعقوب نے اپنے کچھ بیٹوں کو مصر بھیجا تاکہ وہ وہاں جا کر خوراک خریدیں۔ مصر میں خوراک تقسیم کرنے کی ذمہداری یوسف کو دی گئی تھی۔ یوں یوسف کی ملاقات اپنے بھائیوں سے ہوئی۔ جب یوسف نے دیکھا کہ اُس کے بھائیوں نے اپنی بُری روش بدل دی ہے تو اُس نے اُنہیں معاف کر دیا۔ پھر اُس نے اپنے پورے خاندان کو مصر بلا لیا جہاں اُنہیں اچھی زمین دی گئی۔ اُن کی تعداد بڑھتی گئی اور وہ مالدار ہوتے گئے۔ یوسف سمجھ گیا کہ اُس کے ساتھ یہ تمام واقعات اِس لئے پیش آئے تھے تاکہ خدا کے وعدے پورے ہوں۔
یعقوب نے اپنی باقی زندگی مصر میں گزاری اور وہیں وفات پائی۔ مرنے سے پہلے اُس نے پیشینگوئی کی کہ انسانوں کو نجات دلانے والا شخص (یعنی ”نسل“) اُس کے بیٹے یہوداہ کی نسل سے پیدا ہوگا اور ایک طاقتور حکمران بنے گا۔ اِس کے بہت سال بعد یوسف نے مرنے سے پہلے پیشینگوئی کی کہ ایک دن خدا یعقوب کے خاندان کو مصر سے نکال لائے گا۔
—اِن واقعات کا ذکر پیدایش ۲۰ تا ۵۰ باب اور عبرانیوں ۱۱:۱۷-۲۲ میں ہوا ہے۔