گورننگ باڈی کی طرف سے خط
اُن سب کے نام جو یہوواہ خدا سے محبت رکھتے ہیں:
یسوع مسیح نے کہا: ”[تُم] سچائی سے واقف ہوگے اور سچائی تُم کو آزاد کرے گی۔“ (یوحنا ۸:۳۲) بےشک یہ الفاظ ہمارے لئے بڑی ہمت کا باعث ہیں۔ اِن سے پتہ چلتا ہے کہ حالانکہ اِس ”اخیر زمانہ“ میں جھوٹی تعلیمات کی کثرت ہے توبھی سچائی کو جان لینا ممکن ہے۔ (۲-تیمتھیس ۳:۱) کیا آپ کو وہ وقت یاد ہے جب آپ نے خدا کے کلام سے سچائی سیکھنا شروع کی تھی؟ یقیناً آپ اُس وقت بہت ہی خوش ہوئے تھے۔
یہ بہت اہم ہے کہ ہم بائبل کی سچائیوں کی تفصیل جان لیں اور باقاعدگی سے لوگوں کو اِن سچائیوں کے بارے میں بتائیں۔ لیکن اِس کے ساتھساتھ ہمیں خود بھی اِن سیکھی ہوئی باتوں پر عمل کرنا چاہئے۔ یہ تب ہی ممکن ہوگا اگر ہم خدا کی محبت میں قائم رہیں گے۔ ہم یہ کیسے کر سکتے ہیں؟ یسوع مسیح نے اپنی موت سے ایک رات پہلے اِس سوال کا جواب دیا۔ اُس نے اپنے وفادار رسولوں سے کہا: ”اگر تُم میرے حکموں پر عمل کرو گے تو میری محبت میں قائم رہو گے جیسے مَیں نے اپنے باپ کے حکموں پر عمل کِیا ہے اور اُس کی محبت میں قائم ہوں۔“—یوحنا ۱۵:۱۰۔
یسوع مسیح اپنے آسمانی باپ کے حکموں پر عمل کرنے سے اُس کی محبت میں قائم رہا۔ اِسی طرح ہمیں بھی خدا کی محبت میں قائم رہنے کے لئے زندگی کے ہر پہلو میں اُس کے حکموں پر عمل کرنا چاہئے۔ یسوع مسیح نے یہ بھی کہا: ”اگر تُم اِن باتوں کو جانتے ہو تو مبارک ہو بشرطیکہ اُن پر عمل بھی کرو۔“—یوحنا ۱۳:۱۷۔
ہماری دُعا ہے کہ آپ اِس کتاب کی مدد سے سچائی کے مطابق چلتے رہیں۔ یوں آپ ’اپنے آپ کو خدا کی محبت میں قائم رکھیں گے اور ہمیشہ کی زندگی کے لئے ہمارے خداوند یسوع مسیح کی رحمت کے منتظر رہیں گے۔‘—یہوداہ ۲۱۔
یہوواہ کے گواہوں کی گورننگ باڈی