باب نمبر ۱۶
زندگی میں سب سے اہم بات کیا ہے؟
یہ آدمی یسوع مسیح کے پاس کیوں آیا تھا؟
ایک بار ایک آدمی یسوع مسیح سے ملنے کے لئے آیا۔ وہ جانتا تھا کہ یسوع مسیح بہت سمجھدار ہیں۔ اِس لئے اُس نے یسوع مسیح سے کہا: ”میرے بھائی سے کہیں کہ وہ اپنی چیزوں میں سے مجھے بھی کچھ دے۔“ اُس آدمی کا خیال تھا کہ اُسے اپنے بھائی کی چیزوں میں سے کچھ چیزیں ملنی چاہئیں۔
اگر آپ یسوع مسیح کی جگہ ہوتے تو آپ اُس آدمی سے کیا کہتے؟ ...... یسوع مسیح جانتے تھے کہ اُس آدمی کی سوچ غلط ہے۔ اُس آدمی کا خیال تھا کہ بہت سی چیزیں حاصل کرنا اہم ہے۔ وہ یہ نہیں جانتا تھا کہ زندگی میں کون سی باتیں زیادہ اہم ہیں۔
آپ کے خیال میں ہماری زندگی میں کون سی بات سب سے اہم ہونی چاہئے؟ کیا اچھےاچھے کھلونے اور نئےنئے کپڑے خریدنا سب سے اہم بات ہے؟ ...... یسوع مسیح نے اُس آدمی کو بتایا کہ اُسے زندگی میں کس بات کو زیادہ اہمیت دینی چاہئے۔ اِس سلسلے میں اُنہوں نے ایک امیر آدمی کی کہانی سنائی جو اِتنا مصروف تھا کہ وہ خدا کو بھول گیا تھا۔ کیا آپ یہ کہانی سننا چاہتے ہیں؟ ......
اُس امیر آدمی کی بہت سی زمینیں تھیں۔ ایک بار اُس کی بہت ہی اچھی فصل ہوئی۔ فصل سے اِتنا اناج حاصل ہوا کہ اُس کے گوداموں میں اناج رکھنے کی جگہ نہیں رہی۔ اِس لئے اُس نے سوچا: ”مَیں اپنے گوداموں کو گِرا دوں گا اور اِن سے بڑے گودام بناؤں گا۔ پھر مَیں اِن نئے گوداموں میں اپنا سارا اناج اور مال رکھوں گا۔“
امیر آدمی نے سوچا کہ وہ بڑا سمجھدار ہے۔ اُس نے خود سے کہا: ”میرے پاس بہت سی اچھیاچھی چیزیں ہیں۔ مجھے کئی سال تک کام نہیں کرنا پڑے گا۔ اب مَیں کھا پی سکتا ہوں اور خوب مزے کر سکتا ہوں۔“ لیکن اُس کی سوچ غلط تھی۔ کیا آپ جانتے ہیں کہ اُس کی سوچ کیوں غلط تھی؟ ...... امیر آدمی کو بس اپنی فکر تھی۔ وہ صرف اپنے فائدے کا سوچ رہا تھا۔ وہ خدا کو بھول گیا تھا۔
یہ امیر آدمی کیا سوچ رہا ہے؟
خدا نے اُس امیر آدمی سے کہا: ”بےوقوف آدمی، آج رات کو تُم مر جاؤ گے۔ پھر اُن چیزوں کا کیا فائدہ ہوگا جو تُم نے جمع کی ہیں؟“ آپ کے خیال میں کیا اُس آدمی کو مرنے کے بعد اپنی چیزوں سے کوئی فائدہ حاصل ہوتا؟ ...... اُسے اِن چیزوں سے کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوتا۔ اُس کی ساری چیزیں کسی اَور کو مل جاتیں۔ کہانی سنانے کے بعد یسوع مسیح نے کہا: ”اُس شخص کا بھی یہی حال ہوگا جو اپنے لئے خزانہ جمع کرتا ہے اور خدا کے نزدیک دولتمند نہیں۔“—لوقا ۱۲:۱۳-۲۱۔
کیا آپ اُس امیر آدمی کی طرح ہونا چاہتے ہیں؟ ...... وہ اُن چیزوں سے خوش نہیں تھا جو اُس کے پاس تھیں۔ وہ اَور بھی چیزیں اور بہت سا پیسہ جمع کرنا چاہتا تھا۔ لیکن وہ ”خدا کے نزدیک دولتمند“ نہیں تھا۔
بہت سارے لوگ اُس امیر آدمی کی طرح ہیں۔ وہ اُن چیزوں سے خوش نہیں ہیں جو اُن کے پاس ہیں۔ وہ اَور بھی چیزیں حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ آئیں، مَیں آپ کو ایک مثال دیتا ہوں۔ کیا آپ کے پاس کھلونے ہیں؟ ...... آپ کے پاس کونکون سے کھلونے ہیں؟ ...... اگر آپ کے دوست کے پاس ایک ایسا گیند یا ایک ایسی گڑیا ہے جو آپ کے پاس نہیں ہے تو آپ کیا کریں گے؟ کیا آپ ضد کریں گے تاکہ آپ کے امیابو آپ کو بھی وہ گیند یا گڑیا خرید کر دیں؟ کیا ایسا کرنا اچھی بات ہوگی؟ ......
کبھیکبھی ایک کھلونا آپ کو اِتنا اچھا لگتا ہے کہ آپ اِسے ہر حال میں حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ آپ اِس کھلونے کو بہت ہی اہم خیال کرتے ہیں۔ لیکن جب یہ کھلونا آپ کو مل جاتا ہے تو کیا ہوتا ہے؟ ...... آپ کچھ دن اِس کے ساتھ کھیلتے ہیں۔ پھر یہ کھلونا پُرانا ہو جاتا ہے یا ٹوٹ جاتا ہے اور آپ اِسے پھینک دیتے ہیں۔ اِس سے پتہ چلتا ہے کہ ہمیں چیزوں کو زیادہ اہمیت نہیں دینی چاہئے۔ لیکن آپ کے پاس ایک ایسی چیز ہے جو کھلونوں سے بھی زیادہ اہم ہے۔ کیا آپ جانتے ہیں کہ یہ کیا ہے؟ ......
آپ کے پاس کون سی چیز ہے جو کھلونوں سے بھی زیادہ اہم ہے؟
آپ کے پاس زندگی ہے۔ اگر آپ کے پاس زندگی نہ ہوتی تو آپ کچھ بھی نہ کر سکتے۔ کیا آپ کو یاد ہے کہ کس نے ہمیں زندگی دی ہے؟ ...... یہوواہ خدا نے ہمیں زندگی دی ہے۔ اِس لئے ہمیں ایسے کام کرنے چاہئیں جن سے وہ خوش ہوتا ہے۔ ہمیں اُس امیر آدمی کی طرح نہیں ہونا چاہئے۔ ہمیں اپنے کاموں میں اِتنا مگن نہیں ہونا چاہئے کہ ہم خدا کو بھول جائیں۔
لیکن کیا صرف بچے زیادہ چیزیں حاصل کرنا چاہتے ہیں؟ نہیں۔ بہت سے بڑے بھی اُن چیزوں سے خوش نہیں ہیں جو اُن کے پاس ہیں۔ اُن کے پاس کھانے کو ہوتا ہے، پہننے کو ہوتا ہے اور رہنے کے لئے گھر بھی ہوتا ہے۔ لیکن وہ اِن چیزوں سے خوش نہیں ہوتے۔ وہ اَور زیادہ کپڑے حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ اُن کے پاس بہت بڑا گھر ہو۔ اِن چیزوں کو خریدنے کے لئے پیسوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ اِس لئے وہ بہت سے پیسے کمانے کے لئے دنرات کام کرتے ہیں۔ اور جب اُن کے پاس بہت سے پیسے ہو جاتے ہیں تو وہ اَور بھی پیسے کمانا چاہتے ہیں۔
کچھ لوگ پیسے کمانے میں اِتنے مصروف ہو جاتے ہیں کہ اُن کے پاس اپنے گھر والوں کے لئے وقت نہیں ہوتا۔ اور اُن کے پاس خدا کے لئے بھی وقت نہیں ہوتا۔ لیکن ذرا سوچیں کہ کیا اِن لوگوں کے پیسے اُن کو ہمیشہ تک زندہ رکھ سکتے ہیں؟ ...... یہ لوگ بھی مر جاتے ہیں۔ کیا مرنے کے بعد اُن کے پیسے اُن کے کام آتے ہیں؟ آپ کا کیا خیال ہے؟ ...... اُن کے پیسے اُن کے کسی کام نہیں آتے کیونکہ بائبل میں لکھا ہے کہ مُردے کچھ بھی نہیں کر سکتے۔—واعظ ۹:۵، ۱۰۔
تو پھر کیا پیسے کمانا غلط ہے؟ ...... پیسے کمانا غلط نہیں ہے۔ بائبل میں لکھا ہے کہ پیسے ایک حد تک فائدہمند ہوتے ہیں۔ (واعظ ۷:۱۲) پیسوں سے ہم کھانےپینے کی چیزیں اور کپڑے خرید سکتے ہیں۔ لیکن پیسوں سے محبت کرنا غلط ہے۔ جو لوگ پیسوں سے محبت کرتے ہیں، وہ اُس امیر آدمی کی طرح ہیں جس نے اپنے لئے بہت سی چیزیں جمع کی تھیں لیکن وہ خدا کے نزدیک دولتمند نہیں تھا۔
آپ کے خیال میں خدا کے نزدیک دولتمند ہونے کا کیا مطلب ہے؟ ...... اِس کا مطلب ہے کہ ہمیں خدا کو اپنی زندگی میں سب سے اہم خیال کرنا چاہئے۔ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ وہ خدا پر ایمان رکھتے ہیں۔ اُن کے خیال میں خدا پر ایمان رکھنا کافی ہوتا ہے۔ لیکن کیا یہ لوگ خدا کے نزدیک دولتمند ہیں؟ آپ کا کیا خیال ہے؟ ...... وہ خدا کے نزدیک دولتمند نہیں ہیں بلکہ وہ اُس امیر آدمی کی طرح ہیں جو خدا کو بھول گیا تھا۔
یسوع مسیح اپنے آسمانی باپ کو کبھی نہیں بھولے۔ وہ اُن چیزوں سے خوش تھے جو اُن کے پاس تھیں۔ اُنہوں نے بہت زیادہ پیسے کمانے کی کوشش نہیں کی۔ اُنہوں نے بہت زیادہ چیزیں بھی جمع نہیں کیں۔ یسوع مسیح جانتے تھے کہ کون سی بات زندگی میں سب سے زیادہ اہم ہے۔ کیا آپ جانتے ہیں کہ کون سی بات سب سے اہم ہے؟ ...... خدا کے نزدیک دولتمند ہونا سب سے اہم ہے۔
یہ لڑکی کون سے اہم کام کر رہی ہے؟
ہم خدا کے نزدیک دولتمند کیسے ہو سکتے ہیں؟ ...... جب ہم ایسے کام کرتے ہیں جو خدا کو پسند ہیں تو ہم خدا کے نزدیک دولتمند بنتے ہیں۔ یسوع مسیح نے کہا: ”مَیں ہمیشہ وہی کام کرتا ہوں جو خدا کو پسند آتے ہیں۔“ (یوحنا ۸:۲۹) جب ہم ایسے کام کرتے ہیں جو خدا کو پسند ہیں تو وہ خوش ہوتا ہے۔ آپ خدا کو خوش کرنے کے لئے کون سے کام کر سکتے ہیں؟ ...... آپ بائبل پڑھ سکتے ہیں، مذہبی اجلاسوں پر جا سکتے ہیں، خدا سے دُعا کر سکتے ہیں اور دوسروں کو خدا کے بارے میں سکھا سکتے ہیں۔ یہی باتیں زندگی میں سب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہیں۔
یسوع مسیح خدا کے نزدیک دولتمند تھے اِس لئے خدا نے اُن کی مدد کی۔ یہوواہ خدا نے یسوع مسیح کو انعام کے طور پر ہمیشہ کی زندگی دی۔ اگر ہم بھی یسوع مسیح کی طرح بنیں گے تو یہوواہ خدا ہم سے پیار کرے گا اور ہماری بھی مدد کرے گا۔ اِس لئے آئیں، یسوع مسیح کی طرح خدا کے نزدیک دولتمند بنیں۔ ہمیں کبھی اُس امیر آدمی کی طرح نہیں ہونا چاہئے جو خدا کو بھول گیا تھا۔
ہمیں اُن چیزوں سے خوش کیوں رہنا چاہئے جو ہمارے پاس ہیں؟ اِس سلسلے میں اِن آیتوں کو پڑھیں: امثال ۲۳:۴؛ امثال ۲۸:۲۰؛ ۱-تیمتھیس ۶:۶-۱۰؛ اور عبرانیوں ۱۳:۵۔