یہوواہ کے گواہوں کی آن لائن لائبریری
یہوواہ کے گواہوں کی
آن لائن لائبریری
اُردو
  • بائبل
  • مطبوعات
  • اِجلاس
  • ت‌ن‌د 1-‏تھسلُنیکیوں 1:‏1-‏5:‏28
  • 1-‏تھسلُنیکیوں

اِس حصے میں کوئی ویڈیو دستیاب نہیں ہے۔

ہم معذرت خواہ ہیں کہ ویڈیو لوڈ نہیں ہو سکی۔

  • 1-‏تھسلُنیکیوں
  • کتابِ‌مُقدس—‏ترجمہ نئی دُنیا
کتابِ‌مُقدس—‏ترجمہ نئی دُنیا
1-‏تھسلُنیکیوں

تھسلُنیکیوں کے نام پہلا خط

1 پولُس، سِلوانُس*‏ اور تیمُتھیُس کی طرف سے تھسلُنیکے کی کلیسیا*‏ کے نام جو ہمارے باپ خدا اور ہمارے مالک یسوع مسیح کے ساتھ متحد ہے:‏

آپ کو خدا کی عظیم رحمت اور سلامتی حاصل ہو۔‏

2 جب ہم اپنی دُعاؤں میں آپ کا ذکر کرتے ہیں تو ہم ہمیشہ خدا کا شکر کرتے ہیں 3 اور اپنے خدا اور باپ کے حضور یاد کرتے ہیں کہ آپ نے اپنے ایمان کی وجہ سے کتنا کام کِیا، محبت کی وجہ سے کتنی محنت کی اور اُس اُمید کی وجہ سے کتنی ثابت‌قدمی دِکھائی جو آپ ہمارے مالک یسوع مسیح پر رکھتے ہیں۔ 4 بھائیو اور خدا کے عزیزو، ہم جانتے ہیں کہ خدا نے آپ کو چُنا ہے 5 کیونکہ ہم نے آپ کو جو خوش‌خبری سنائی، وہ صرف باتوں سے نہیں بلکہ قدرت اور پاک روح اور پورے یقین سے سنائی۔ اور آپ تو جانتے ہی ہیں کہ ہم نے آپ کی خاطر کیا کچھ کِیا۔ 6 آپ نے ہماری اور ہمارے مالک کی مثال پر عمل کِیا کیونکہ آپ نے شدید اذیت کا سامنا کرنے کے باوجود خدا کے کلام کو اُس خوشی سے قبول کِیا جو پاک روح سے ملتی ہے۔ 7 اور یوں آپ نے مقدونیہ اور اخیہ کے سب بھائیوں کے لیے مثال قائم کی۔‏

8 سچ تو یہ ہے کہ آپ کی وجہ سے یہوواہ*‏ کا کلام نہ صرف مقدونیہ اور اخیہ میں پھیل گیا ہے بلکہ ہر جگہ اِس بات کا چرچا ہو گیا ہے کہ آپ خدا پر کتنا ایمان رکھتے ہیں۔ لہٰذا ہمیں کچھ کہنے کی ضرورت نہیں رہی 9 کیونکہ لوگ خود سب کو بتا رہے ہیں کہ جب ہم پہلی بار آپ کے پاس آئے تو آپ اپنے بُتوں کو چھوڑ کر خدا کی طرف آ گئے تاکہ زندہ اور سچے خدا کے غلام بنیں 10 اور اُس کے بیٹے کا اِنتظار کریں جو آسمان سے آئے گا یعنی یسوع جنہیں اُس نے مُردوں میں سے زندہ کِیا اور جو ہمیں آنے والے غضب سے بچائیں گے۔‏

2 بھائیو، آپ جانتے ہیں کہ ہماری ملاقات بے‌فائدہ نہیں رہی۔ 2 جیسا کہ آپ کو معلوم ہے کہ فِلپّی میں ہمیں اذیت دی گئی اور ہماری بے‌عزتی کی گئی لیکن ہم نے خدا کی مدد سے ہمت جمع کی تاکہ ہم شدید مخالفت کے باوجود*‏ آپ کو خدا کی خوش‌خبری سنا سکیں۔ 3 کیونکہ ہم نہ تو جھوٹ یا ناپاکی کی بنیاد پر اور نہ ہی دھوکا دینے کی نیت سے آپ کو ہدایت دیتے ہیں 4 بلکہ خدا نے ہمیں اِس لائق سمجھا ہے کہ ہمیں خوش‌خبری سنانے کی ذمے‌داری دی جائے۔ اِس لیے ہم اِنسانوں کو خوش کرنے کے لیے نہیں بلکہ اُس خدا کو خوش کرنے کے لیے تعلیم دیتے ہیں جو ہمارے دلوں کا جائزہ لیتا ہے۔‏

5 آپ جانتے ہیں کہ ہم نے کبھی خوشامد نہیں کی اور نہ ہی لالچی لوگوں کی طرح کسی کو دھوکا دیا۔ خدا ہمارا گواہ ہے!‏ 6 ہمارا مقصد یہ بھی نہیں کہ آپ یا دوسرے لوگ ہمارے گُن گائیں۔ اگر ہم چاہتے تو مسیح کے رسول ہونے کے ناتے آپ پر مالی بوجھ ڈال سکتے تھے۔ 7 لیکن ہم آپ کے ساتھ نرمی سے پیش آئے، بالکل ویسے ہی جیسے ماں بڑے پیار سے اپنے ننھے بچوں کو پالتی ہے۔ 8 چونکہ ہم آپ سے بڑا پیار کرتے ہیں اِس لیے ہم آپ کو نہ صرف خدا کی خوش‌خبری سنانے کے لیے تیار تھے بلکہ اپنی زندگیوں*‏ میں شامل کرنے کے لیے بھی کیونکہ آپ ہمیں بہت عزیز ہو گئے۔‏

9 بھائیو، آپ کو ہماری محنت اور مشقت ضرور یاد ہوگی۔ جب ہم نے آپ کو خدا کی خوش‌خبری سنائی تو ہم نے دن رات کام کِیا تاکہ آپ میں سے کسی پر مالی بوجھ نہ ڈالیں۔ 10 آپ ہمارے گواہ ہیں اور خدا بھی ہمارا گواہ ہے کہ ہم آپ کے ساتھ وفاداری اور نیکی سے پیش آئے اور بے‌اِلزام رہے۔ 11 آپ کو پتہ ہے کہ ہم نے آپ کو نصیحت کی اور تسلی دی اور سمجھایا، بالکل ویسے ہی جیسے ایک باپ اپنے بچوں کے ساتھ کرتا ہے 12 تاکہ آپ ایسی زندگی گزاریں جو اُس خدا کو پسند آئے جس نے آپ کو اپنی بادشاہت اور شان میں شامل ہونے کے لیے بلا‌یا ہے۔‏

13 اِس لیے ہم ہر وقت خدا کا شکر کرتے ہیں کیونکہ جب ہم نے آپ کو خدا کا کلام سنایا تو آپ نے اِسے اِنسانوں کا کلام سمجھ کر نہیں بلکہ خدا کا کلام سمجھ کر قبول کِیا۔ اور یہ واقعی خدا کا کلام ہے اور آپ پر اثر کر رہا ہے۔ 14 بھائیو، آپ یہودیہ کی کلیسیاؤں*‏ کی مثال پر عمل کر رہے ہیں جو مسیح یسوع کے ساتھ متحد ہیں کیونکہ آپ اپنے ہم‌وطنوں کے ہاتھوں ویسی ہی تکلیفیں اُٹھا رہے ہیں جیسی وہ کلیسیائیں یہودیوں کے ہاتھوں اُٹھا رہی ہیں۔ 15 اُن یہودیوں نے تو ہمارے مالک یسوع کو اور نبیوں کو مار بھی ڈالا اور ہمیں اذیت دی۔ وہ خدا کو خوش نہیں کر رہے اور اُنہیں دوسروں کی بھلائی کی کوئی پرواہ نہیں ہے 16 کیونکہ وہ ہمیں غیریہودیوں سے بات کرنے سے روکنے کی کوشش کرتے ہیں اور یوں اُن کی نجات میں رُکاوٹ بنتے ہیں۔ اِس طرح وہ اپنے گُناہوں کا پیمانہ بھرتے جا رہے ہیں۔ مگر خدا کا غضب آخرکار اُن پر نازل ہو ہی گیا ہے۔‏

17 لیکن بھائیو، جب ہمیں تھوڑی دیر کے لیے آپ سے جُدا ہونا پڑا (‏حالانکہ ہمارے دل آپ سے کبھی جُدا نہیں ہوئے)‏ تو ہم نے آپ سے ملنے کی بڑی کوشش کی کیونکہ آپ ہمیں بہت یاد آتے تھے۔ 18 اِس لیے ہم آپ کے پاس آنا چاہتے تھے (‏مَیں پولُس، نے تو ایک بار نہیں بلکہ دو بار آپ کے پاس آنے کی کوشش کی)‏ لیکن شیطان نے ہمیں روک دیا۔ 19 جب ہمارے مالک کی موجودگی ہوگی تو اُن کے حضور ہماری اُمید یا خوشی یا فخر کا تاج کیا ہوگا؟ کیا آپ لوگ نہیں؟ 20 بے‌شک ہمارا فخر اور ہماری خوشی آپ ہی ہیں۔‏

3 جب ہم آپ کی جُدائی مزید برداشت نہ کر سکے تو ہم نے سوچا کہ بہتر ہوگا کہ ہم ایتھنز میں رہیں 2 لیکن اپنے بھائی تیمُتھیُس کو آپ کے پاس بھیجیں جو خدا کے خادم ہیں*‏ اور مسیح کے بارے میں خوش‌خبری سناتے ہیں۔ کیونکہ ہم چاہتے ہیں کہ وہ آپ کے ایمان کو مضبوط کریں اور آپ کا حوصلہ بڑھائیں 3 تاکہ آپ میں سے کوئی بھی اِن اذیتوں کا سامنا کرتے وقت ڈگمگائے نہیں۔ آپ تو جانتے ہی ہیں کہ ہم ایسی اذیتوں سے بچ نہیں سکتے 4 کیونکہ جب ہم آپ کے ساتھ تھے تو ہم آپ کو بتایا کرتے تھے کہ ہمیں اذیتیں اُٹھانی پڑیں گی۔ اور ایسا ہوا بھی ہے جیسا کہ آپ کو معلوم ہے۔ 5 اِس لیے جب مجھے کافی عرصے سے آپ کی طرف سے کوئی خبر نہیں ملی تو مَیں نے تیمُتھیُس کو یہ پتہ کرنے کے لیے بھیجا کہ آپ کتنی وفاداری سے خدا کی خدمت کر رہے ہیں کیونکہ مجھے ڈر تھا کہ کہیں اِبلیس نے آپ کو ورغلا نہ لیا ہو اور ہماری محنت بے‌کار نہ ہو گئی ہو۔‏

6 اب جبکہ تیمُتھیُس آپ کے پاس سے واپس آ گئے ہیں، اُنہوں نے آپ کی وفاداری اور محبت کے بارے میں بڑی اچھی خبر دی ہے۔ اُنہوں نے ہمیں یہ بھی بتایا ہے کہ آپ ہمیں بڑا یاد کرتے ہیں اور اُتنی ہی بے‌تابی سے ہم سے ملنا چاہتے ہیں جتنی بے‌تابی سے ہم آپ سے ملنا چاہتے ہیں۔ 7 بھائیو، آپ ہی کی وجہ سے تو ہمیں تکلیفوں اور مصیبتوں کا سامنا کرتے وقت تسلی ملی ہے کیونکہ آپ وفاداری سے خدمت کر رہے ہیں۔ 8 ہاں، یہ سُن کر ہماری جان میں جان آ گئی ہے کہ آپ مالک کے وفادار ہیں۔ 9 ہمیں آپ کی وجہ سے خدا کے حضور بڑی خوشی حاصل ہوئی ہے اور ہمیں سمجھ نہیں آ رہا کہ ہم کس طرح خدا کا شکر ادا کریں!‏ 10 ہم دن رات دل‌وجان سے خدا سے اِلتجا کرتے ہیں کہ آپ سے مل سکیں اور آپ کے ایمان کی کمی کو دُور کر سکیں۔‏

11 ہماری دُعا ہے کہ ہمارا باپ خدا اور ہمارے مالک یسوع کوئی راستہ نکالیں تاکہ ہم آپ کے پاس آ سکیں۔ 12 ہماری یہ بھی دُعا ہے کہ ہمارے مالک آپ کی مدد کریں تاکہ آپ ایک دوسرے سے بلکہ سب لوگوں سے اَور زیادہ محبت کریں، بالکل ویسے ہی جیسے ہم آپ سے کرتے ہیں۔ 13 اِس طرح ہمارے خدا اور باپ کے حضور آپ کے دل اُس وقت مضبوط، بے‌اِلزام اور پاک ہوں گے جب ہمارے مالک یسوع کی موجودگی اپنے سب مُقدسوں کے ساتھ ہوگی۔‏

4 بھائیو، ہم نے آپ کو ہدایت کی تھی کہ ایسی زندگی گزاریں جو خدا کو پسند آئے اور آپ بالکل ایسا ہی کر رہے ہیں۔ اب ہم مالک یسوع کے نام سے آپ سے درخواست اور اِلتجا کرتے ہیں کہ ایسی زندگی گزارنے کی پوری کوشش کرتے رہیں 2 کیونکہ آپ اُن ہدایتوں*‏ کو جانتے ہیں جو ہم نے مالک یسوع کے نام سے آپ کو دی تھیں۔‏

3 خدا کی مرضی یہ ہے کہ آپ پاک ہوں اور حرام‌کاری*‏ سے گریز کریں۔ 4 آپ میں سے ہر ایک کو پتہ ہونا چاہیے کہ اپنے جسم*‏ کو کیسے قابو میں رکھے تاکہ آپ پاک اور باعزت زندگی گزاریں 5 اور اُن قوموں کی طرح نہ بنیں جو اپنی بے‌لگام جنسی خواہشوں کو پورا کرنے کے جنون میں مبتلا ہیں اور خدا کو نہیں جانتیں۔ 6 اِس سلسلے میں کوئی شخص حد سے آگے نہ بڑھے اور اپنے بھائی کا فائدہ نہ اُٹھائے کیونکہ یہوواہ*‏ ایسے کام کرنے والوں کو سزا دے گا جیسا کہ ہم آپ کو پہلے سے بتا چکے اور خبردار کر چکے ہیں۔ 7 کیونکہ خدا نے ہمیں ناپاکی کے لیے نہیں بلکہ پاکیزگی کے لیے بلا‌یا ہے۔ 8 لہٰذا جو شخص اِس بات کو ٹھکراتا ہے، وہ کسی اِنسان کو نہیں بلکہ اُس خدا کو ٹھکراتا ہے جو آپ کو پاک روح عطا کرتا ہے۔‏

9 لیکن جہاں تک ایک دوسرے سے بہن بھائیوں کی طرح پیار کرنے کا تعلق ہے تو ہمیں آپ کو لکھنے کی ضرورت نہیں کیونکہ خدا نے آپ کو سکھایا ہے کہ ایک دوسرے سے پیار کریں۔ 10 اور آپ اِس بات پر عمل کرتے ہیں اور مقدونیہ کے تمام بہن بھائیوں سے پیار کرتے ہیں۔ لیکن بھائیو، ہم آپ سے اِلتجا کرتے ہیں کہ ایک دوسرے سے اَور زیادہ پیار کریں۔ 11 یہ عزم کریں کہ آپ ہماری ہدایت کے مطابق سکون سے زندگی گزاریں گے، اپنے کام سے کام رکھیں گے اور اپنے ہاتھوں سے محنت کریں گے 12 تاکہ آپ کا طرزِزندگی دُنیا کی نظر میں مناسب ہو اور آپ کسی چیز کے محتاج نہ ہوں۔‏

13 بھائیو، ہم نہیں چاہتے کہ آپ اُن کے حوالے سے بے‌خبر رہیں جو موت کی نیند سو رہے ہیں تاکہ آپ اُن لوگوں کی طرح غم نہ کریں جن کے پاس کوئی اُمید نہیں ہے۔ 14 کیونکہ اگر ہمارا ایمان ہے کہ یسوع مر گئے اور پھر زندہ ہوئے تو ہمارا یہ بھی ایمان ہے کہ خدا اُن لوگوں کو زندہ کرے گا جو یسوع کی پیروی کرتے کرتے موت کی نیند سو گئے ہیں تاکہ وہ یسوع کے ساتھ ہوں۔ 15 ہم یہوواہ*‏ کے کلام کے ذریعے آپ کو بتا رہے ہیں کہ ہم میں سے جو لوگ مالک کی موجودگی کے وقت باقی ہوں گے، وہ کسی بھی صورت میں اُن لوگوں سے پہلے آسمان پر نہیں جائیں گے جو موت کی نیند سو گئے ہیں۔ 16 کیونکہ ہمارے مالک آسمان سے خدا کے نرسنگے*‏ کے ساتھ آئیں گے اور للکار کر فرشتوں کے سردار کی آواز میں حکم دیں گے اور وہ لوگ پہلے زندہ ہوں گے جو مسیح کی پیروی کرتے کرتے مر گئے۔ 17 اِس کے بعد ہم جو باقی ہوں گے، بادلوں میں اُٹھائے جائیں گے تاکہ ہم بھی اُن لوگوں کے ساتھ ہوں اور آسمان پر اپنے مالک سے ملیں۔ پھر ہم ہمیشہ اپنے مالک کے ساتھ رہیں گے۔ 18 آئیں، ایک دوسرے کو اِن باتوں کے ذریعے تسلی دیتے رہیں۔‏

5 بھائیو، جہاں تک وقتوں اور زمانوں کا تعلق ہے، ہمیں آپ کو کچھ لکھنے کی ضرورت نہیں ہے 2 کیونکہ آپ تو جانتے ہی ہیں کہ یہوواہ*‏ کا دن بالکل ویسے ہی آنے والا ہے جیسے رات کو چور آتا ہے۔ 3 جب لوگ کہہ رہے ہوں گے:‏ ”‏امن اور سلامتی!‏“‏ تو اُن پر اچانک تباہی آ جائے گی، بالکل ویسے ہی جیسے حاملہ عورت کو بچے کی پیدائش سے پہلے دردیں لگتی ہیں اور وہ لوگ اِس تباہی سے بچ نہیں سکیں گے۔ 4 لیکن بھائیو، آپ تاریکی میں نہیں ہیں کہ وہ دن اچانک آپ پر آ پڑے جیسے دن کی روشنی اچانک چور پر آ پڑتی ہے 5 کیونکہ آپ روشنی اور دن کے بیٹے ہیں۔ ہمارا نہ تو رات سے کوئی تعلق ہے اور نہ ہی تاریکی سے۔‏

6 لہٰذا آئیں، باقی لوگوں کی طرح سوئے نہ رہیں بلکہ جاگتے رہیں اور اپنے ہوش‌وحواس قائم رکھیں۔ 7 کیونکہ جو لوگ سوتے ہیں، وہ رات کو سوتے ہیں اور جو لوگ نشے میں دُھت ہوتے ہیں، وہ رات کو نشے میں دُھت ہوتے ہیں۔ 8 لیکن ہمارا تعلق دن سے ہے اِس لیے آئیں، اپنے ہوش‌وحواس قائم رکھیں اور ایمان اور محبت کا بکتر اور نجات کی اُمید کا ہیلمٹ پہن لیں 9 کیونکہ خدا نے ہمیں اِس لیے نہیں چُنا کہ ہم اُس کے غضب کا نشانہ بنیں بلکہ اِس لیے کہ ہم اپنے مالک یسوع مسیح کے ذریعے نجات پائیں۔ 10 یسوع ہماری خاطر مرے تاکہ چاہے ہم جاگ رہے ہوں یا سو*‏ رہے ہوں، ہم اُن کے ساتھ رہیں۔ 11 لہٰذا ایک دوسرے کو تسلی دیتے رہیں اور ایک دوسرے کا حوصلہ بڑھاتے رہیں جیسے آپ کر رہے ہیں۔‏

12 بھائیو، ہم آپ سے درخواست کرتے ہیں کہ اُن کی عزت کریں جو آپ کے درمیان سخت محنت کرتے ہیں اور مالک کا کام کرنے میں آپ کی پیشوائی کرتے ہیں اور آپ کو نصیحت کرتے ہیں۔ 13 اُن کی محنت کی وجہ سے اُن کی بڑی قدر کریں اور اُن کے لیے محبت ظاہر کریں۔ ایک دوسرے کے ساتھ امن سے رہیں۔‏*‏ 14 بھائیو، ہم آپ سے یہ اِلتجا بھی کرتے ہیں کہ اُن لوگوں کو خبردار کریں جو اپنی من‌مانی کرتے ہیں، بے‌حوصلہ لوگوں کو تسلی دیں، کمزوروں کی مدد کریں اور سب کے ساتھ تحمل سے پیش آئیں۔ 15 آپ میں سے کوئی بھی شخص کسی کے ساتھ بُرائی کے بدلے بُرائی نہ کرے بلکہ ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ اور باقی سب لوگوں کے ساتھ اچھائی کرنے کی کوشش کریں۔‏

16 ہمیشہ خوش ہوں۔ 17 ہر وقت دُعا کریں۔ 18 ہر چیز کے لیے خدا کا شکر کریں۔ یہی آپ کے لیے خدا کی مرضی ہے کیونکہ آپ مسیح یسوع کے پیروکار ہیں۔ 19 پاک روح کی آگ کو نہ بجھائیں۔ 20 پیش‌گوئیوں*‏ کی حقارت نہ کریں۔ 21 سب باتوں کا جائزہ لیں اور جو باتیں اچھی ہوں، اُن سے چپکے رہیں۔ 22 ہر طرح کی بُرائی سے گریز کریں۔‏

23 بھائیو، خدا جو اِطمینان*‏ کا بانی ہے، آپ کو پوری طرح پاک کرے اور آپ کے دل*‏ اور جان اور جسم کو ہمارے مالک یسوع مسیح کی موجودگی کے وقت ہر لحاظ سے اچھی حالت میں اور بے‌عیب رکھے۔ 24 خدا جو آپ کو بلا رہا ہے، وعدے کا پکا*‏ ہے اور ضرور ایسا کرے گا۔‏

25 بھائیو، ہمارے لیے دُعا کرتے رہیں۔‏

26 گلے مل کر*‏ سب بھائیوں کا خیرمقدم کریں۔‏

27 مَیں آپ کو مالک کے نام سے تاکید کر رہا ہوں کہ یہ خط تمام بہن بھائیوں کے سامنے پڑھا جائے۔‏

28 ہمارے مالک یسوع مسیح کی عظیم رحمت آپ کے ساتھ رہے۔‏

یعنی سیلاس

یا ”‏جماعت“‏

‏”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ کو دیکھیں۔‏

یا شاید ”‏سخت جدوجہد کر کے“‏

یونانی میں:‏ ”‏جانوں“‏

یا ”‏جماعتوں“‏

یا شاید ”‏جو خدا کے ساتھ کام کرتے ہیں“‏

یا ”‏حکموں“‏

یونانی لفظ:‏ ”‏پورنیا۔“‏ ”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ کو دیکھیں۔‏

یونانی میں:‏ ”‏برتن“‏

‏”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ کو دیکھیں۔‏

‏”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ کو دیکھیں۔‏

یا ”‏باجے“‏

‏”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ کو دیکھیں۔‏

یا ”‏موت کی نیند سو“‏

یا ”‏صلح‌پسند ہوں۔“‏

یا ”‏خدا کی باتوں“‏

یا ”‏امن“‏

یونانی میں:‏ ”‏روح“‏

یا ”‏وفادار“‏

یونانی میں:‏ ”‏پاک بوسے سے“‏

    اُردو زبان میں مطبوعات (‏2026-‏2000)‏
    لاگ آؤٹ
    لاگ اِن
    • اُردو
    • شیئر کریں
    • ترجیحات
    • Copyright © 2026 Watch Tower Bible and Tract Society of Pennsylvania
    • اِستعمال کی شرائط
    • رازداری کی پالیسی
    • رازداری کی سیٹنگز
    • JW.ORG
    • لاگ اِن
    شیئر کریں