یہوواہ کے گواہوں کی آن لائن لائبریری
یہوواہ کے گواہوں کی
آن لائن لائبریری
اُردو
  • بائبل
  • مطبوعات
  • اِجلاس
  • ت‌ن‌د کُلسّیوں 1:‏1-‏4:‏18
  • کُلسّیوں

اِس حصے میں کوئی ویڈیو دستیاب نہیں ہے۔

ہم معذرت خواہ ہیں کہ ویڈیو لوڈ نہیں ہو سکی۔

  • کُلسّیوں
  • کتابِ‌مُقدس—‏ترجمہ نئی دُنیا
کتابِ‌مُقدس—‏ترجمہ نئی دُنیا
کُلسّیوں

کُلسّیوں کے نام خط

1 پولُس جسے خدا کی مرضی سے مسیح یسوع کا رسول مقرر کِیا گیا ہے اور ہمارے بھائی تیمُتھیُس کی طرف سے 2 کُلسّے میں رہنے والے سب مُقدسوں اور وفادار بھائیوں کے نام جو مسیح کے ساتھ متحد ہیں۔‏

ہمارا باپ خدا آپ کو عظیم رحمت اور سلامتی عطا کرے۔‏

3 جب بھی ہم آپ کے لیے دُعا کرتے ہیں، ہم مالک یسوع مسیح کے باپ یعنی خدا کا شکر ادا کرتے ہیں 4 کیونکہ ہم نے سنا ہے کہ آپ مسیح یسوع پر ایمان رکھتے ہیں اور سب مُقدسوں سے اُس اُمید کی وجہ سے محبت کرتے ہیں 5 جو آپ کے لیے آسمان پر رکھی گئی ہے۔ اِس اُمید کے بارے میں آپ کو سچائی کے پیغام یعنی اُس خوش‌خبری کے ذریعے پتہ چلا 6 جو آپ کو سنائی گئی۔ جس طرح یہ خوش‌خبری پوری دُنیا میں پھیل رہی ہے اور پھل لا رہی ہے اُسی طرح یہ آپ کے درمیان بھی اُس وقت سے پھل لا رہی ہے جب سے آپ نے اِس کے بارے میں سنا ہے اور خدا کی حقیقی رحمت کو صحیح طور پر جانا ہے۔ 7 آپ نے اِس عظیم رحمت کے بارے میں ہمارے پیارے ہم‌خدمت اِپَفراس سے سیکھا جو ہماری خاطر مسیح کے وفادار خادم کے طور پر خدمت کر رہے ہیں۔ 8 اُنہوں نے ہمیں آپ کی اُس محبت کے بارے میں بتایا ہے جو پاک روح کے ذریعے آپ میں پیدا ہوئی ہے۔‏

9 اِس لیے جب سے ہم نے اِس بارے میں سنا ہے، ہم آپ کے لیے دُعا کر رہے ہیں کہ آپ سچی دانش‌مندی اور روحانی سمجھ کے ساتھ اُس کی مرضی کے متعلق صحیح علم سے معمور ہو جائیں 10 تاکہ آپ کا چال‌چلن یہوواہ*‏ کے لائق ہو اور آپ ہر معاملے میں اُسے خوش کرتے رہیں اور ہر اچھے کام میں پھل لاتے رہیں اور خدا کے بارے میں صحیح علم حاصل کرتے رہیں۔ 11 ہماری یہ بھی دُعا ہے کہ خدا اپنی عظیم قدرت کے ذریعے آپ کو ضرورت کے مطابق طاقت دے تاکہ آپ ہر صورت میں صبر اور خوشی سے ثابت‌قدم رہیں 12 اور باپ کا شکر کریں جس نے آپ کو اِس قابل بنایا ہے کہ آپ اُن مُقدسوں کے ساتھ وراثت حاصل کریں جو روشنی میں ہیں۔‏

13 اُس نے ہمیں تاریکی کے اِختیار سے چھڑایا اور اپنے عزیز بیٹے کی بادشاہت میں منتقل کِیا۔ 14 اِس بیٹے نے فدیہ دے کر ہمیں رِہائی یعنی گُناہوں کی معافی دِلائی۔ 15 وہ ہوبہو اَن‌دیکھے خدا کی طرح ہے۔ اُسے سب چیزوں سے پہلے بنایا گیا*‏ 16 کیونکہ اُس کے ذریعے آسمان اور زمین کی سب چیزیں بنائی گئیں یعنی ایسی چیزیں جو دِکھائی دیتی ہیں اور ایسی چیزیں بھی جو دِکھائی نہیں دیتیں، چاہے وہ تخت ہوں یا عہدے یا حکومتیں یا اِختیارات۔ یہ سب چیزیں اُس کے ذریعے اور اُس کے لیے بنائی گئیں۔ 17 وہ سب چیزوں سے پہلے موجود تھا اور اُس کے ذریعے باقی سب چیزیں وجود میں آئیں۔ 18 وہ جسم کا سر یعنی کلیسیا*‏ کا سربراہ ہے۔ وہ آغاز ہے۔ وہ مُردوں میں سے پہلوٹھا ہے تاکہ وہ سب چیزوں میں پہلوٹھا ہو 19 کیونکہ خدا چاہتا تھا کہ اُسے سب چیزوں سے معمور کرے 20 اور اُس کے ذریعے سب چیزوں کے ساتھ صلح کرے، چاہے وہ زمین کی ہوں یا آسمان کی۔ یہ صلح اُس خون کے ذریعے ممکن ہوئی جو سُولی*‏ پر بہایا گیا۔‏

21 یہ سچ ہے کہ ایک زمانے میں آپ خدا سے دُور تھے اور اُس کے دُشمن تھے کیونکہ آپ کا ذہن بُرے کاموں پر لگا تھا۔ 22 لیکن اب خدا نے اُس شخص کے جسم کے ذریعے جس نے اپنی جان دے دی، آپ کے ساتھ صلح کر لی ہے تاکہ آپ کو پاک اور بے‌عیب اور بے‌اِلزام حالت میں اپنے حضور پیش کرے 23 بشرطیکہ آپ کا ایمان مضبوط رہے، آپ بنیاد پر قائم رہیں، ثابت‌قدم رہیں اور اُس اُمید سے دُور نہ ہوں جس کا تعلق اُس خوش‌خبری سے ہے جو آپ نے سنی اور جس کی مُنادی آسمان کے نیچے ہر جگہ کی گئی۔ مَیں پولُس، اِسی خوش‌خبری کی مُنادی کرنے کے لیے خادم بنا۔‏

24 مَیں خوش ہوں کہ مَیں آپ کی خاطر اذیت اُٹھا رہا ہوں لیکن مجھے مسیح کے جسم یعنی کلیسیا کی خاطر جسمانی طور پر ابھی اَور اذیت اُٹھانی ہے۔ 25 مَیں اِس کلیسیا کا خادم بنا کیونکہ مجھے خدا کی طرف سے یہ ذمے‌داری دی گئی کہ آپ کی خاطر خدا کے کلام کی اچھی طرح سے مُنادی کروں 26 یعنی اُس مُقدس راز کی جو پُرانے زمانے اور پچھلی پُشتوں سے چھپا ہوا تھا۔ لیکن اب یہ راز اُس کے مُقدسوں پر ظاہر ہو گیا ہے 27 کیونکہ خدا اُن کو دِکھانا چاہتا تھا کہ یہ مُقدس راز بہت عظیم اور بیش‌قیمت ہے اور اِسے غیریہودیوں پر بھی ظاہر کِیا جا رہا ہے۔ راز یہ تھا کہ مسیح آپ کے ساتھ متحد ہے جس کی وجہ سے آپ اُس کی شان میں شریک ہونے کی اُمید رکھ سکتے ہیں۔ 28 ہم اُسی کی مُنادی کر رہے ہیں اور سب کو نصیحت کر رہے ہیں اور پوری دانش‌مندی سے تعلیم دے رہے ہیں تاکہ ہم ہر شخص کو مسیح کے پُختہ شاگرد کے طور پر خدا کے حضور پیش کر سکیں۔ 29 اِسی لیے مَیں سخت محنت کر رہا ہوں اور اُس کی طاقت مجھ پر اثر کر کے میری مدد کر رہی ہے۔‏

2 مَیں چاہتا ہوں کہ آپ اِس بات کو جان جائیں کہ مَیں آپ کی اور اُن کی خاطر جو لودیکیہ میں ہیں بلکہ اُن سب کی خاطر جو مجھ سے کبھی نہیں ملے، کتنی جدوجہد کر رہا ہوں 2 تاکہ اُن کے دلوں کو تسلی ملے، وہ محبت کی بِنا پر متحد ہوں اور اُنہیں ایسی برکتیں ملیں جو سچائی کو پوری طرح سمجھنے سے حاصل ہوتی ہیں اور یوں اُنہیں خدا کے مُقدس راز یعنی مسیح کے بارے میں صحیح علم حاصل ہو۔ 3 مسیح میں ہی علم اور دانش‌مندی کے سارے خزانے پوشیدہ ہیں۔ 4 مَیں یہ باتیں اِس لیے کہہ رہا ہوں تاکہ کوئی شخص آپ کو دلکش باتوں سے دھوکا نہ دے سکے۔ 5 حالانکہ مَیں جسمانی طور پر آپ کے پاس نہیں ہوں لیکن آپ میرے دل*‏ میں بسے ہیں کیونکہ مَیں اِس بات سے بہت خوش ہوں کہ آپ ہر کام بڑے سلیقے سے کرتے ہیں اور مسیح پر مضبوط ایمان رکھتے ہیں۔‏

6 لہٰذا جس طرح آپ نے مالک مسیح یسوع کو قبول کِیا اُسی طرح اُن کے ساتھ چلتے رہیں 7 اور جیسے آپ کو سکھایا گیا تھا، اُن میں جڑ پکڑتے اور مضبوط ہوتے جائیں اور اپنے ایمان پر قائم رہیں اور خوب شکرگزاری کریں۔‏

8 خبردار رہیں کہ کوئی آپ کو ایسے فلسفوں اور فضول باتوں کا شکار نہ بنا لے جو اِنسانی روایتوں اور دُنیا کے بنیادی اصولوں کے مطابق ہیں لیکن مسیح کے مطابق نہیں ہیں 9 جو خدا کی تمام صفات سے معمور ہے۔ 10 آپ کو سب کچھ مسیح کے ذریعے مل چُکا ہے جو تمام حکومتوں اور اِختیارات کا سربراہ ہے۔ 11 اُس کے پیروکار ہونے کے ناتے آپ کا ختنہ ہو چُکا ہے۔ لیکن یہ وہ ختنہ نہیں ہے جو اِنسانوں کے ہاتھوں سے ہوتا ہے بلکہ یہ وہ ختنہ ہے جس کا تعلق مسیح سے ہے یعنی ایسا ختنہ جو جسم کے گُناہ‌گار طورطریقوں کو اُتار پھینکنے سے ہوتا ہے۔ 12 آپ مسیح جیسا بپتسمہ لے کر اُس کے ساتھ دفن ہوئے اور اُس کے پیروکار ہونے کے ناتے اُس کے ساتھ جی اُٹھے کیونکہ آپ خدا کی قدرت پر ایمان لائے جس نے اُسے مُردوں میں سے زندہ کِیا۔‏

13 حالانکہ آپ اپنی خطاؤں کی وجہ سے مُردہ تھے اور آپ کا ختنہ نہیں ہوا تھا لیکن خدا نے آپ کو زندہ کِیا تاکہ آپ مسیح کے ساتھ متحد ہوں۔ اُس نے ہم پر مہربانی کی اور ہماری سب خطاؤں کو معاف کر دیا 14 اور حکموں کی اُس دستاویز کو مٹا دیا جو ہمارے خلاف تھی اور اِسے سُولی*‏ پر ٹھونک کر ختم کر دیا۔ 15 اِس سُولی کے ذریعے*‏ اُس نے حکمرانوں اور اِختیار والوں کو ننگا کر دیا اور اُنہیں قیدیوں کے طور پر فتح کی پریڈ میں چلوایا اور سرِعام ذلیل کِیا۔‏

16 لہٰذا کسی کو یہ حق نہ دیں کہ وہ آپ کو بتائے کہ آپ کو کیا کھانا پینا چاہیے یا نئے چاند کا دن یا عیدیں یا سبت کا دن منانا چاہیے۔ 17 یہ سب کچھ آنے والی چیزوں کا سایہ ہے لیکن اصلی چیزوں کا تعلق مسیح سے ہے۔ 18 کسی ایسے شخص کی وجہ سے اِنعام سے محروم نہ ہو جائیں جو جھوٹی خاکساری اور فرشتوں کی عبادت کو پسند کرتا ہے اور دیکھی ہوئی باتوں پر اَڑا رہتا ہے اور اپنی جسمانی سوچ کے باعث بِلاوجہ مغرور ہو گیا ہے۔ 19 ایسا شخص سر سے جُڑا نہیں رہتا یعنی اُس سر سے جس کے ذریعے پورے جسم کو خوراک ملتی ہے اور جس کی وجہ سے اعضا جوڑوں اور پٹھوں کے ذریعے ایک دوسرے سے جُڑے ہوئے ہیں۔ اِسی سر کے ذریعے خدا کی مرضی کے مطابق جسم کی نشوونما ہوتی ہے۔‏

20 اگر آپ دُنیا کے بنیادی اصولوں کے لحاظ سے مسیح کے ساتھ مر گئے ہیں تو آپ ایسے زندگی کیوں گزار رہے ہیں جیسے آپ ابھی تک دُنیا کا حصہ ہوں؟ اور آپ ابھی تک اِن حکموں پر عمل کیوں کر رہے ہیں کہ 21 ‏”‏اِن کو نہ لو، اِن کو نہ چکھو، اِن کو نہ چھوؤ“‏؟ 22 یہ حکم اِنسانوں کے فرمان اور تعلیم ہیں اور ایسی چیزوں کے بارے میں ہیں جو اِستعمال کے بعد ختم ہو جاتی ہیں۔ 23 جن لوگوں کو یہ حکم بڑے معقول لگتے ہیں، وہ اپنے طریقے سے خدا کی عبادت کرتے ہیں، خاکساری کا دِکھاوا کرتے ہیں اور اپنے جسم پر ظلم کرتے ہیں۔ مگر یہ حکم جسمانی خواہشوں پر قابو پانے کے سلسلے میں کسی کام نہیں آتے۔‏

3 لیکن اگر آپ مسیح کے ساتھ زندہ ہو چکے ہیں تو اُن چیزوں کی جستجو میں رہیں جو آسمان پر ہیں جہاں مسیح، خدا کی دائیں طرف بیٹھا ہے۔ 2 آسمانی چیزوں پر دھیان دیتے رہیں، زمینی چیزوں پر نہیں 3 کیونکہ آپ مر گئے ہیں لیکن آپ کی زندگی مسیح کے ساتھ پوشیدہ ہے اور یہ خدا کی مرضی ہے۔ 4 جب مسیح جو ہماری زندگی ہے، ظاہر ہوگا تو آپ بھی اُس کے ساتھ ظاہر ہوں گے اور اُس کی شان میں شریک ہوں گے۔‏

5 لہٰذا اپنے جسم کے اعضا*‏ کو حرام‌کاری،‏*‏ ناپاکی، بے‌لگام جنسی خواہشوں، نقصان‌دہ خواہشوں اور لالچ کے اِعتبار سے مار ڈالیں جو بُت‌پرستی کے برابر ہے۔ 6 اِنہی باتوں کی وجہ سے خدا کا غضب نازل ہونے والا ہے۔ 7 ایک زمانے میں آپ کا چال‌چلن بھی ایسا ہی تھا۔ 8 لیکن اب غضب‌ناک ہونا، غصہ، بُرائی اور گالی‌گلوچ کرنا اور اپنے مُنہ سے بے‌ہودہ باتیں نکالنا بالکل چھوڑ دیں۔ 9 ایک دوسرے سے جھوٹ نہ بولیں۔ پُرانی شخصیت کو اِس کے کاموں سمیت اُتار پھینکیں 10 اور نئی شخصیت کو پہن لیں یعنی اُس شخصیت کو جو خدا سے ہے اور اِس شخصیت کو صحیح علم کے ذریعے خدا کی شخصیت کے مطابق ڈھالتے جائیں۔ 11 اِس شخصیت کے حوالے سے نہ کوئی یونانی ہے اور نہ یہودی، نہ کوئی مختون ہے اور نہ غیرمختون اور نہ ہی کوئی پردیسی، سکوتی،‏*‏ غلام یا آزاد ہے بلکہ مسیح سب کچھ ہے اور سب چیزوں میں ہے۔‏

12 چونکہ آپ مُقدس اور عزیز اور خدا کے چُنے ہوئے لوگ ہیں اِس لیے شفقت، ہمدردی، مہربانی، خاکساری، نرمی اور تحمل کا لباس پہنیں۔ 13 اگر آپ کو ایک دوسرے سے شکایت بھی ہو تو ایک دوسرے کی برداشت کریں اور دل سے ایک دوسرے کو معاف کریں۔ جیسے یہوواہ*‏ نے آپ کو دل سے معاف کِیا ہے ویسے ہی آپ بھی دوسروں کو معاف کریں۔ 14 اِس کے علاوہ محبت کا لباس پہنیں کیونکہ یہ ایک ایسا بندھن ہے جو لوگوں کو پوری طرح متحد کرتا ہے۔‏

15 اور اُس اِطمینان کو اپنے دلوں پر حکمرانی کرنے دیں جو مسیح سے ہے کیونکہ آپ کو متحد اور مطمئن ہونے کے لیے بلا‌یا گیا ہے۔ اِس کے علاوہ شکرگزاری کرتے رہیں۔ 16 مسیح کے کلام کو اپنے دل میں بسا لیں۔ یوں آپ کو دانش‌مندی حاصل ہوگی۔ زبوروں، حمدوں اور شکرگزاری کے گیتوں سے تعلیم دیں اور ایک دوسرے کی حوصلہ‌افزائی کریں اور دل میں یہوواہ*‏ کی تعریف میں گیت گائیں۔ 17 آپ جو کچھ بھی کہیں یا کریں، سب کچھ مالک یسوع کے نام سے کریں اور اُن کے ذریعے خدا باپ کا شکر ادا کریں۔‏

18 بیویو، اپنے شوہر کی تابع‌دار ہوں کیونکہ یہ مسیح کے پیروکاروں کے لیے مناسب ہے۔ 19 شوہرو، اپنی بیوی سے محبت کرتے رہیں اور اُس پر بھڑکیں نہیں۔‏*‏ 20 بچو، ہر معاملے میں اپنے ماں باپ کے فرمانبردار ہوں کیونکہ یہ مالک کو پسند ہے۔ 21 والدو، اپنے بچوں کو غصہ نہ دِلائیں*‏ تاکہ وہ بے‌حوصلہ نہ ہو جائیں۔ 22 غلامو، ہر معاملے میں اپنے اِنسانی مالکوں کا کہنا مانیں۔ صرف تب ہی ایسا نہ کریں جب کوئی دیکھ رہا ہو گویا آپ اِنسانوں کو خوش کرنا چاہتے ہوں بلکہ خلوصِ‌دل سے یہوواہ*‏ کا خوف رکھتے ہوئے ایسا کریں۔ 23 آپ جو بھی کام کریں، دل‌وجان سے کریں، یہ سمجھ کر کہ یہ کام آپ یہوواہ*‏ کے لیے کر رہے ہیں، اِنسانوں کے لیے نہیں۔ 24 کیونکہ آپ جانتے ہیں کہ آپ کو یہوواہ*‏ کی طرف سے اجر کے طور پر وراثت ملے گی۔ ہمارے مالک یعنی مسیح کی غلامی کریں۔ 25 جو شخص غلط کام کرتا ہے، اُسے اِن غلط کاموں کا بدلہ ضرور ملے گا کیونکہ خدا سب کو ایک ہی نظر سے دیکھتا ہے۔‏

4 مالکو، اپنے غلاموں سے مناسب اور نیک سلوک کریں اور یاد رکھیں کہ آپ کا بھی ایک مالک ہے جو آسمان پر ہے۔‏

2 دُعا کرنے میں لگے رہیں۔ اِس سلسلے میں چوکس رہیں اور شکرگزار ہوں۔ 3 ہمارے لیے بھی دُعا کریں کہ خدا کوئی راستہ نکالے تاکہ ہم اُس کے کلام کی مُنادی کر سکیں اور مسیح کے بارے میں مُقدس راز بتا سکیں جس کی وجہ سے مَیں قید میں ہوں۔ 4 یہ دُعا بھی کریں کہ مَیں اِس راز کو واضح طور پر بیان کر سکوں جیسے کہ مجھے کرنا چاہیے۔‏

5 جب آپ اُن لوگوں کے ساتھ ہوں جو کلیسیا*‏ کے رُکن نہیں ہیں تو دانش‌مندی سے کام لیں اور اپنے وقت کا بہترین اِستعمال کریں۔ 6 آپ کی باتیں ہمیشہ دلکش اور نمک کی طرح ذائقے‌دار ہوں تاکہ آپ کو پتہ ہو کہ لوگوں کو کس طرح جواب دینا ہے۔‏

7 میرے عزیز بھائی اور ہمارے مالک کے وفادار غلام اور خادم تخِکُس آپ کو میرے بارے میں سب کچھ بتائیں گے۔ 8 مَیں اُنہیں آپ کے پاس بھیج رہا ہوں تاکہ وہ آپ کو ہمارا حال چال بتائیں اور آپ کے دلوں کو تسلی دیں۔ 9 وہ میرے وفادار اور عزیز بھائی اُنیسمس کے ساتھ آئیں گے جو آپ کے ہاں ہوا کرتے تھے۔ وہ دونوں آپ کو یہاں کے حالات سے باخبر کریں گے۔‏

10 ارِسترخس جو میرے ساتھ قید ہیں، آپ کو سلام کہہ رہے ہیں اور مرقس بھی جو برنباس کے رشتے کے بھائی ہیں (‏یہ وہی مرقس ہیں جن کے بارے میں آپ کو ہدایت دی گئی تھی کہ اگر وہ آپ کے پاس آئیں تو اُن کا خیرمقدم کریں۔)‏ 11 اور یسوع بھی جنہیں یُوستُس کہا جاتا ہے۔ یہ بھائی اُن میں سے ہیں جن کا ختنہ ہوا ہے۔ صرف یہی لوگ خدا کی بادشاہت کے سلسلے میں میرے ہم‌خدمت ہیں اور اِن کی وجہ سے مجھے بڑی تسلی ملی ہے۔ 12 اِپَفراس جو مسیح یسوع کے غلام ہیں اور آپ کے پاس سے آئے ہیں، آپ کو سلام دے رہے ہیں۔ وہ آپ کے لیے دل سے دُعا کرتے رہتے ہیں تاکہ آپ آخر تک پُختہ رہیں اور خدا کی مرضی پر پورا ایمان رکھیں۔ 13 مَیں اِس بات کا گواہ ہوں کہ وہ آپ کی اور اُن کی خاطر کتنی محنت کر رہے ہیں جو لودیکیہ اور ہیراپُلِس میں ہیں۔‏

14 دیماس اور ہمارے عزیز معالج*‏ لُوقا آپ کو سلام کہہ رہے ہیں۔ 15 لودیکیہ کے بہن بھائیوں کو میرا سلام دیں اور بہن نِمفاس اور اُس کلیسیا کو بھی جو اُن کے گھر میں جمع ہوتی ہے۔ 16 جب آپ یہ خط پڑھ لیں تو یہ بندوبست کریں کہ اِسے لودیکیہ کی کلیسیا میں بھی پڑھا جائے اور جو خط لودیکیہ کو بھیجا گیا ہے، اُسے آپ کے ہاں بھی پڑھا جائے۔ 17 اِس کے علاوہ ارخِپُس سے کہیں کہ ”‏اُس خدمت پر دھیان دیں جو آپ نے مالک کے پیروکار کے طور پر قبول کی ہے تاکہ آپ اِسے اچھی طرح پورا کر سکیں۔“‏

18 مَیں پولُس، اپنے ہاتھ سے آپ کو سلام لکھ رہا ہوں۔ میری قید کو یاد رکھیں۔ خدا کی عظیم رحمت آپ کے ساتھ رہے۔‏

‏”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ کو دیکھیں۔‏

یونانی میں:‏ ”‏وہ تمام مخلوقات میں سے پہلوٹھا ہے“‏

یا ”‏جماعت“‏

‏”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ کو دیکھیں۔‏

یونانی میں:‏ ”‏روح“‏

‏”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ کو دیکھیں۔‏

یا شاید ”‏اُس کے ذریعے“‏

یونانی میں:‏ ”‏زمینی اعضا“‏

یونانی لفظ:‏ ”‏پورنیا۔“‏ ”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ کو دیکھیں۔‏

یہاں سکوتی سے مُراد ایک بہت ہی غیرمہذب شخص ہے۔‏

‏”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ کو دیکھیں۔‏

‏”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ کو دیکھیں۔‏

یا ”‏اُس سے سختی سے پیش نہ آئیں۔“‏

یا ”‏تنگ نہ کریں“‏

‏”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ کو دیکھیں۔‏

‏”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ کو دیکھیں۔‏

‏”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ کو دیکھیں۔‏

یا ”‏جماعت“‏

یا ”‏حکیم“‏

    اُردو زبان میں مطبوعات (‏2026-‏2000)‏
    لاگ آؤٹ
    لاگ اِن
    • اُردو
    • شیئر کریں
    • ترجیحات
    • Copyright © 2026 Watch Tower Bible and Tract Society of Pennsylvania
    • اِستعمال کی شرائط
    • رازداری کی پالیسی
    • رازداری کی سیٹنگز
    • JW.ORG
    • لاگ اِن
    شیئر کریں