اِفسیوں کے نام خط
1 پولُس کی طرف سے جو خدا کی مرضی سے مسیح یسوع کا رسول ہے، اُن ثابتقدم مُقدسوں کے نام جو اِفسس میں ہیں اور مسیح یسوع کے ساتھ متحد ہیں:
2 ہمارا باپ خدا اور ہمارے مالک یسوع مسیح آپ کو عظیم رحمت اور سلامتی عطا کریں۔
3 ہمارے مالک یسوع مسیح کے خدا اور باپ کی بڑائی ہو جس نے ہمیں آسمان پر ہر روحانی برکت سے نوازا کیونکہ ہم مسیح کے ساتھ متحد ہیں۔ 4 اِس سے پہلے کہ دُنیا کی بنیاد ڈالی گئی، اُس نے ہمیں مسیح کے ساتھ متحد ہونے کے لیے چُنا تاکہ ہم اُس کے حضور پاک اور بےداغ ہوں اور محبت ظاہر کریں۔ 5 اُس نے اپنی خواہش اور مرضی کے مطابق پہلے سے طے کِیا کہ وہ یسوع مسیح کے ذریعے ہمیں گود لے گا* 6 تاکہ اُس کی شاندار رحمت کی بڑائی ہو جو اُس نے اپنے پیارے بیٹے کے ذریعے ہم پر نچھاور کی۔ 7 اور اُس نے اپنے بیٹے کے ذریعے فدیہ دے کر ہمیں رِہائی دِلائی۔ ہاں، اُس کے بیٹے کے خون سے ہمارے گُناہ معاف ہو گئے۔ واقعی خدا کی رحمت بڑی عظیم ہے!
8 اُس نے ہمیں کثرت سے یہ عظیم رحمت عطا کی، دانشمندی اور سمجھ دی 9 اور اپنی مرضی کے مُقدس راز کے بارے میں بھی بتایا۔ اُس نے اپنی مرضی کے عین مطابق طے کِیا تھا کہ 10 جب مقررہ وقت پورا ہو جائے گا تو وہ سب چیزوں کو یعنی آسمان اور زمین کی چیزوں کو مسیح کے تحت جمع کرنے کا اِنتظام کرے گا۔ ہاں، اُس مسیح کے تحت 11 جس کے ساتھ ہم متحد ہیں اور وارث بنائے گئے ہیں۔ ہمیں اُس خدا کی مرضی کے مطابق پہلے سے مقرر کِیا گیا ہے جو سب کام اپنی خواہش کے مطابق انجام دیتا ہے 12 تاکہ ہمارے ذریعے جو مسیح پر سب سے پہلے ایمان لائے، خدا کی بڑائی اور تعظیم ہو۔ 13 لیکن آپ بھی اُس وقت مسیح پر ایمان لے آئے جب آپ نے سچائی کا کلام سنا یعنی اپنی نجات کے بارے میں خوشخبری سنی۔ اور جب آپ ایمان لائے تو مسیح کے ذریعے آپ پر اُس پاک روح کے ساتھ مُہر لگائی گئی جس کا وعدہ کِیا گیا تھا 14 اور جو اِس بات کی ضمانت* ہے کہ ہمیں وراثت ملے گی۔ ہم پر مُہر اِس لیے لگائی گئی تاکہ خدا کی ملکیت کو فدیے کے ذریعے رِہائی دِلائی جائے اور خدا کی بڑائی ہو۔
15 اِس لیے جب سے مَیں نے سنا ہے کہ آپ ہمارے مالک یسوع پر کتنا ایمان رکھتے ہیں اور سب مُقدسوں کے لیے کتنی محبت ظاہر کرتے ہیں 16 تب سے مَیں آپ کے لیے خدا کا شکر ادا کرتا رہتا ہوں۔ مَیں ہمیشہ اپنی دُعاؤں میں آپ کا ذکر کرتا ہوں 17 اور یہ مانگتا ہوں کہ مالک یسوع مسیح کا خدا اور ہمارا عظیم باپ آپ کو روح عطا کرے تاکہ آپ دانشمند بنیں اور اُس صحیح علم کو سمجھیں جو وہ اپنے بارے میں ظاہر کرتا ہے۔ 18 اُس نے آپ کے دل کی آنکھوں کو روشن کِیا تاکہ آپ جان جائیں کہ اُس نے آپ کو کس اُمید کے لیے بلایا ہے، وہ مُقدسوں کو کتنی قیمتی وراثت عطا کرے گا 19 اور اُس کی وہ طاقت کس قدر عظیم ہے جو اُس نے ہمارے لیے ظاہر کی، ہاں، ہمارے لیے جو ایمان لائے ہیں۔ اُس کی طاقت کی عظمت اُس وقت ظاہر ہوئی 20 جب اُس نے مسیح کو مُردوں میں سے زندہ کِیا اور آسمان پر اپنی دائیں طرف بٹھایا۔ 21 ہاں، اُس نے اُسے نہ صرف اِس زمانے کی بلکہ آنے والے زمانے کی ہر حکومت، اِختیار، طاقت، عہدے اور نام سے زیادہ بلند کِیا۔ 22 اُس نے ساری چیزیں بھی اُس کے پاؤں تلے کر دیں اور اُس کو اُن سب چیزوں کا سربراہ بنایا جن کا تعلق کلیسیا* سے ہے۔ 23 اور یہ کلیسیا مسیح کا جسم ہے اور اُس سے معمور ہے۔ وہی سب چیزوں کو مکمل طور پر پورا کرتا ہے۔
2 خدا نے آپ کو زندہ بھی کِیا ہے حالانکہ آپ اپنی خطاؤں اور گُناہوں کی وجہ سے مُردہ تھے 2 اور اِس زمانے کے طورطریقوں کے مطابق چلتے تھے اور اُس حاکم کے مطابق بھی جس کے اِختیار میں دُنیا کی روح ہے جو ہوا کی طرح ہے۔ یہ روح اب نافرمانی کے بیٹوں پر اثر کر رہی ہے۔ 3 ہاں، ایک زمانے میں ہم بھی اُن کی طرح اپنے جسم کی خواہشوں کے مطابق چلتے تھے اور اپنے خیالوں اور جسم کی مرضی پر عمل کرتے تھے۔ اور ہم پیدائش سے ہی باقی لوگوں کی طرح غضب کے بیٹے تھے۔ 4 لیکن خدا بڑا رحیم ہے۔ اُس نے اپنی عظیم محبت ہم پر ظاہر کی 5 اور ہمیں مسیح کے ساتھ زندہ کِیا حالانکہ ہم اپنی خطاؤں کی وجہ سے مُردہ تھے۔ اُس کی عظیم رحمت کی وجہ سے آپ نے نجات پائی۔ 6 اور چونکہ ہم مسیح یسوع کے ساتھ متحد ہیں اِس لیے خدا نے ہم سب کو زندہ کِیا اور ہمیں آسمان پر بٹھایا 7 تاکہ آنے والے زمانے میں ہمیں فیاضی سے اپنی عظیم رحمت عطا کرے کیونکہ ہم مسیح یسوع کے پیروکار ہیں۔
8 اِسی عظیم رحمت کی بِنا پر آپ نے اپنے ایمان کی وجہ سے نجات حاصل کی۔ یہ نجات آپ کو اپنے کاموں کی وجہ سے نہیں ملی بلکہ یہ خدا کی نعمت ہے۔ 9 دراصل یہ نجات کاموں کی وجہ سے نہیں ملتی تاکہ کسی کو شیخی مارنے کا موقع نہ ملے۔ 10 ہم خدا کی دستکاری ہیں اور چونکہ ہم مسیح یسوع کے ساتھ متحد ہیں اِس لیے خدا نے ہمیں وہ اچھے کام کرنے کے لیے بنایا ہے جو اُس نے پہلے سے طے کیے تھے۔
11 آپ جو پیدائشی طور پر غیریہودی ہیں، یاد رکھیں کہ وہ لوگ جن کا ختنہ ہوا تھا ایک زمانے میں آپ کو غیرمختون کہا کرتے تھے۔ 12 اُس وقت آپ مسیح کو نہیں جانتے تھے، اِسرائیل کی قوم سے الگ تھے اور اُن عہدوں میں شریک نہیں تھے جو وعدے کے مطابق باندھے گئے تھے۔ آپ کسی اُمید کے بغیر دُنیا میں رہ رہے تھے اور خدا کو نہیں جانتے تھے۔ 13 لیکن اب آپ مسیح یسوع کے پیروکار ہیں اور اِس لیے آپ جو ایک زمانے میں خدا سے دُور تھے، مسیح کے خون کے ذریعے اُس کے قریب آ گئے ہیں 14 کیونکہ مسیح نے ہمارے درمیان امن قائم کِیا اور دو گروہوں کے درمیان کھڑی دیوار کو ڈھا کر اُنہیں ایک گروہ بنا دیا۔ 15 اُس نے اپنے جسم کے ذریعے ہمارے درمیان دُشمنی کی وجہ کو دُور کر دیا یعنی اُس شریعت کو جس میں حکم اور فرمان تھے تاکہ وہ اُن دو گروہوں کو جو اُس کے ساتھ متحد ہیں، ایک ہی گروہ* بنا دے اور اُن میں امن قائم کر دے۔ 16 اور اُس نے اپنے جسم کے ذریعے یعنی سُولی* کے ذریعے اُن کی دُشمنی کو ختم کر دیا اور خدا سے اُن کی صلح کرا دی اور یوں وہ خدا کے لیے ایک ہی قوم* بن گئے۔ 17 اور اُس نے آ کر آپ کو جو خدا سے دُور تھے اور ہمیں جو خدا کے قریب تھے، امن کی خوشخبری سنائی 18 تاکہ اُس کے ذریعے دونوں گروہ ایک ہی روح کے ذریعے بِلاجھجک باپ کے قریب جا سکیں۔
19 لہٰذا اب آپ اجنبی اور پردیسی نہیں رہے بلکہ آپ مُقدسوں کے ہموطن ہیں اور خدا کے گھرانے کے فرد ہیں۔ 20 آپ ایک ایسی عمارت ہیں جو رسولوں اور نبیوں کی بنیاد پر بنائی جا رہی ہے اور اِس بنیاد کا سب سے اہم پتھر مسیح یسوع ہیں۔ 21 یہ پوری عمارت اُن کے ساتھ متحد ہے اور اِس کے سارے حصے ترتیب سے جُڑے ہوئے ہیں اور یہوواہ* کے لیے ایک مُقدس ہیکل* بن رہے ہیں۔ 22 اور آپ جو مسیح کے ساتھ متحد ہیں، ایک ایسی عمارت بن رہے ہیں جس میں خدا اپنی روح کے ذریعے رہے گا۔
3 مَیں پولُس، اِس لیے قید ہوں کیونکہ مَیں مسیح یسوع کا پیروکار ہوں اور مَیں نے آپ غیریہودیوں کی مدد کی ہے۔ 2 آپ نے سنا ہے کہ مجھے آپ کی خاطر خدا کی عظیم رحمت کا مختار بنایا گیا 3 اور مجھ پر ایک وحی کے ذریعے مُقدس راز ظاہر کِیا گیا۔ اِس بات کا ذکر مَیں پہلے بھی کر چُکا ہوں۔ 4 لہٰذا جب آپ یہ خط پڑھیں گے تو آپ جان جائیں گے کہ مَیں مسیح کے بارے میں مُقدس راز کی کس حد تک سمجھ رکھتا ہوں۔ 5 یہ راز پہلی پُشتوں پر ظاہر نہیں کِیا گیا لیکن اب پاک روح کے ذریعے مُقدس رسولوں اور نبیوں پر ظاہر ہو گیا ہے۔ 6 راز یہ تھا کہ غیریہودیوں کو خوشخبری کے ذریعے اور مسیح یسوع کے ساتھ متحد ہونے کی وجہ سے ہمارے ساتھ وراثت ملے گی، وہ ہمارے ساتھ وعدے میں شریک ہوں گے اور ہم سب ایک ہی گروہ کے رُکن* ہوں گے۔ 7 خدا نے اپنی طاقت کے ذریعے مجھے عظیم رحمت کی نعمت عطا کی اور یوں مجھے اِس راز کا خادم بنا دیا۔
8 حالانکہ مَیں تمام مُقدسوں میں سب سے کمتر ہوں لیکن مجھے عظیم رحمت عطا کی گئی تاکہ مَیں غیریہودیوں کو مسیح کی بےاِنتہا دولت کی خوشخبری سناؤں 9 اور سب کو بتاؤں کہ تمام چیزوں کے خالق نے اُس مُقدس راز کو ظاہر کرنے کا کیا اِنتظام کِیا ہے جو مُدتوں سے پوشیدہ تھا۔ 10 یہ اِس لیے ہوا تاکہ کلیسیا* کے ذریعے آسمانی حکومتوں اور اِختیار والوں پر خدا کی دانشمندی کے بےشمار پہلو ظاہر ہوں۔ 11 اور یہ اُس ابدی اِرادے کے مطابق ہے جس کا تعلق مسیح سے یعنی ہمارے مالک یسوع سے ہے۔ 12 اُنہی کے ذریعے ہم دلیری سے بات کرتے ہیں اور اِعتماد کے ساتھ دُعا کرتے ہیں کیونکہ ہم اُن پر ایمان لائے ہیں۔ 13 اِس لیے یہ سُن کر ہمت نہ ہاریں کہ مَیں آپ کی خاطر مصیبتیں اُٹھا رہا ہوں بلکہ فخر کریں۔
14 مَیں آسمانی باپ کے سامنے گھٹنے ٹیکتا ہوں 15 جس نے زمین اور آسمان کے تمام خاندانوں کو وجود* دیا ہے۔ 16 دُعا ہے کہ وہ اپنی عظمت کی کثرت اور پاک روح کے اثر سے آپ کے دلوں کو مضبوط بنائے، 17 آپ کے ایمان کے ذریعے مسیح آپ کے دلوں میں بسے اور آپ کے دلوں میں ایک دوسرے کے لیے محبت ہو۔ یہ بھی دُعا ہے کہ آپ کی جڑیں گہری اور مضبوط ہوں اور آپ بنیاد پر قائم رہیں 18 تاکہ آپ تمام مُقدسوں کے ساتھ سچائی کی چوڑائی، لمبائی، اُونچائی اور گہرائی کو پوری طرح سمجھ سکیں 19 اور آپ مسیح کی محبت کو جان لیں جو ہر طرح کے علم سے بڑھ کر ہے اور اُن تمام خوبیوں سے معمور ہو جائیں جو خدا دیتا ہے۔
20 خدا اُس پاک روح کے ذریعے جو ہم پر اثر کر رہی ہے، ہمارے لیے اُس سے کہیں زیادہ کر سکتا ہے جو ہم تصور کرتے یا مانگتے ہیں۔ 21 کلیسیا اور مسیح یسوع کے ذریعے پُشت در پُشت اور ہمیشہ ہمیشہ تک اُس کی بڑائی ہو۔ آمین۔
4 مَیں جو مالک کی وجہ سے قید ہوں، آپ سے اِلتجا کرتا ہوں کہ اپنے چالچلن سے ظاہر کریں کہ آپ اُس بلاوے کے لائق ہیں جس کے لیے آپ کو بلایا گیا تھا 2 یعنی خاکساری، نرممزاجی اور صبر کے ساتھ چلیں اور محبت کی بِنا پر ایک دوسرے کی برداشت کریں۔ 3 اُس اِتحاد کو برقرار رکھنے کی پوری کوشش کریں جو ہمیں پاک روح کے ذریعے حاصل ہے اور صلح کے بندھن کو قائم رکھیں۔ 4 جسم ایک ہے؛ روح ایک ہے؛ وہ اُمید ایک ہے جس کے لیے آپ کو بلایا گیا تھا؛ 5 مالک ایک ہے؛ ایمان ایک ہے؛ بپتسمہ ایک ہے؛ 6 اور خدا بھی ایک ہے جو سب کا باپ ہے، سب کا مالک ہے، سب کے ذریعے کام کرتا ہے اور اپنی روح کے ذریعے سب پر اثر کرتا ہے۔
7 جس طرح مسیح نے نعمت بانٹی ہے، اُس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہم میں سے ہر ایک کو عظیم رحمت دی گئی ہے۔ 8 کیونکہ لکھا ہے کہ ”جب وہ اُوپر گیا تو اُس نے قیدی لیے؛ اُس نے آدمیوں کے رُوپ میں نعمتیں دیں۔“ 9 اب اِس اِصطلاح کا کیا مطلب ہے کہ ”وہ اُوپر گیا“؟ کیا اِس کا مطلب یہ نہیں کہ پہلے وہ اُوپر سے نیچے آیا یعنی زمین پر آیا؟ 10 جو شخص آسمان سے زمین پر آیا، وہ وہی ہے جو سب آسمانوں سے اُوپر گیا تاکہ تمام چیزوں کو پورا کرے۔
11 اُس نے کچھ آدمی رسولوں کے طور پر دیے اور کچھ نبیوں کے طور پر، کچھ مبشروں کے طور پر اور کچھ چرواہوں اور اُستادوں کے طور پر دیے 12 تاکہ وہ تب تک مُقدسوں کی اِصلاح* کریں، خدمت کریں اور مسیح کے جسم* کو مضبوط کریں 13 جب تک ہم سب ایمان میں متحد نہ ہوں، خدا کے بیٹے کے بارے میں صحیح علم نہ رکھیں اور پُختہ نہ ہو جائیں یعنی مسیح کی طرح مکمل طور پر پُختہ نہ ہو جائیں۔ 14 اُس نے ایسا اِس لیے کِیا تاکہ ہم بچوں کی طرح نہ ہوں اور لہروں کے زور پر اِدھر اُدھر ہچکولے نہ کھائیں اور تعلیمات کے جھونکوں سے یہاں وہاں دھکیلے نہ جائیں یعنی اُن آدمیوں کے دھوکے میں نہ آئیں جو چالاکی سے بُرے منصوبے باندھ کر لوگوں کو گمراہ کرتے ہیں۔ 15 اِس کی بجائے آئیں، ہم سچ بولیں اور محبت کی بِنا پر جسم کے سر یعنی مسیح کے تحت ہر لحاظ سے پُختہ بنیں۔ 16 اُسی کے ذریعے جسم کے تمام اعضا ترتیب سے جُڑے ہوئے ہیں اور اُن جوڑوں کی وجہ سے ایک دوسرے سے تعاون کرتے ہیں جو اپنا اپنا کام انجام دیتے ہیں۔ جب ہر عضو صحیح طور پر کام کرتا ہے تو جسم کی نشوونما ہوتی ہے اور وہ محبت کی بِنا پر مضبوط ہوتا چلا جاتا ہے۔
17 لہٰذا مَیں مالک کے سامنے آپ سے یہ کہتا اور تاکید کرتا ہوں کہ آئندہ دُنیا کے لوگوں کی طرح نہ چلیں جو اپنی فضول سوچ کے مطابق چلتے ہیں۔ 18 اُن کی سمجھ پر تاریکی چھا گئی ہے اور وہ اُس زندگی سے الگ ہیں جو خدا سے ملتی ہے کیونکہ وہ خدا کو جاننا ہی نہیں چاہتے اور اُن کے دل سُن ہیں۔ 19 اُنہوں نے شرموحیا کی حد پار کر لی ہے، وہ ہٹدھرمی سے غلط کام* کرنے میں مگن ہیں اور بڑے شوق* سے ناپاک کام کرتے رہتے ہیں۔
20 لیکن آپ نے جان لیا ہے کہ مسیح ایسا نہیں ہے 21 بشرطیکہ آپ نے اُس کی باتیں سنی ہوں اور اُس کے ذریعے تعلیم پائی ہو کیونکہ یسوع سچائی ہیں۔ 22 آپ کو سکھایا گیا تھا کہ اُس پُرانی شخصیت کو اُتار دیں جو آپ کے پچھلے چالچلن کے مطابق ڈھلی ہوئی ہے اور جو اپنی بُری خواہشوں کی وجہ سے بگڑی ہوئی ہے۔ 23 آپ کو یہ بھی سکھایا گیا تھا کہ اپنی سوچ* کو نیا بناتے جائیں 24 اور اُس نئی شخصیت کو پہن لیں جو خدا کی مرضی کے مطابق ڈھالی گئی ہے اور حقیقی نیکی اور وفاداری پر مبنی ہے۔
25 اب جبکہ آپ نے جھوٹ بولنا بند کر دیا ہے، آپ میں سے ہر ایک اپنے پڑوسی کے ساتھ سچ بولے کیونکہ ہم سب ایک ہی جسم کے اعضا ہیں۔ 26 جب آپ کو غصہ آئے تو گُناہ نہ کریں بلکہ سورج کے ڈوبنے تک اپنا غصہ دُور کر لیں 27 اور اِبلیس کو موقع نہ دیں۔ 28 چور آئندہ چوری نہ کرے بلکہ اپنے ہاتھوں سے محنت کرے اور اچھا کام کرے تاکہ وہ ضرورتمندوں کی مدد کر سکے۔ 29 آپ کے مُنہ سے کوئی بُری بات نہ نکلے بلکہ ایسی اچھی بات نکلے جس سے ضرورت کے وقت دوسروں کی حوصلہافزائی ہو اور سننے والوں کو فائدہ پہنچے۔ 30 خدا کی پاک روح کو غمگین نہ کریں کیونکہ اِس کے ساتھ آپ پر مُہر لگائی گئی ہے تاکہ آپ کو مقررہ دن پر فدیے کے ذریعے رِہائی ملے۔
31 ہر طرح کی رنجش، غصے، غضب، چیخنے چلّانے، گالیگلوچ اور نقصاندہ باتوں سے باز رہیں۔ 32 اِس کی بجائے ایک دوسرے سے مہربانی اور ہمدردی سے پیش آئیں اور دل سے ایک دوسرے کو معاف کریں، بالکل ویسے ہی جیسے خدا نے مسیح کے ذریعے آپ کو دل سے معاف کِیا ہے۔
5 لہٰذا پیارے بچوں کی طرح خدا کی مثال پر عمل کریں 2 اور محبت کی راہ پر چلتے رہیں، بالکل ویسے ہی جیسے مسیح نے ہم* سے محبت کی اور ہمارے* لیے اپنی جان دے دی اور خدا کے حضور ایک خوشبودار نذرانہ اور قربانی بن گیا۔
3 آپ میں حرامکاری* اور کسی طرح کی ناپاکی یا لالچ کا ذکر تک نہ ہو کیونکہ مُقدس لوگوں کے لیے ایسا کرنا مناسب نہیں ہے۔ 4 اِسی طرح آپ میں شرمناک حرکتیں، احمقانہ باتیں اور بےہودہ مذاق بھی نہ کیے جائیں کیونکہ یہ بھی نامناسب ہے۔ اِس کی بجائے خدا کا شکر ادا کِیا کریں 5 کیونکہ آپ جانتے ہیں اور اچھی طرح سمجھتے ہیں کہ کوئی حرامکار* یا ناپاک یا لالچی شخص جو ایک طرح سے بُتپرست ہوتا ہے، مسیح اور خدا کی بادشاہت کا وارث نہیں ہوگا۔
6 کوئی شخص آپ کو فضول باتوں سے دھوکا نہ دے کیونکہ ایسی باتوں کی وجہ سے نافرمانی کے بیٹوں پر خدا کا غضب نازل ہوگا۔ 7 لہٰذا اُن کے ساتھی نہ بنیں۔ 8 ایک زمانے میں آپ بھی تاریکی میں تھے لیکن اب آپ روشنی میں ہیں کیونکہ آپ ہمارے مالک کے ساتھ متحد ہیں۔ اِس لیے روشنی کے بیٹوں کی طرح زندگی گزارتے رہیں 9 کیونکہ روشنی سے ہر طرح کی اچھائی، نیکی اور سچائی نکلتی ہے۔ 10 یہ معلوم کرتے رہیں کہ مالک کو کون سے کام پسند ہیں 11 اور تاریکی کے فضول کاموں میں شامل نہ ہوں بلکہ اُن کا پردہ فاش کریں۔ 12 کیونکہ وہ لوگ پردے کے پیچھے جو کام کرتے ہیں، اُن کا ذکر کرتے ہوئے بھی شرم آتی ہے۔ 13 اب جن چیزوں کا پردہ فاش کِیا جاتا ہے، وہ سب روشنی کے ذریعے سامنے آتی ہیں کیونکہ ہر وہ چیز جو سامنے آتی ہے، روشن ہو جاتی ہے۔ 14 اِس لیے لکھا ہے کہ ”اَے سونے والے، جاگ اور مُردوں میں سے جی اُٹھ! تب مسیح تجھ پر روشنی چمکائے گا۔“
15 لہٰذا اپنے چالچلن پر کڑی نظر رکھیں تاکہ آپ بےوقوفوں کی طرح نہیں بلکہ عقلمندوں کی طرح زندگی گزاریں 16 اور اپنے وقت کا بہترین اِستعمال کریں کیونکہ زمانہ بُرا ہے۔ 17 اِس لیے ناسمجھ نہ بنیں بلکہ یہوواہ* کی مرضی کو سمجھنے کی کوشش کریں۔ 18 شراب سے متوالے نہ ہوں جس کا نتیجہ بدچلنی ہوتا ہے۔ اِس کی بجائے پاک روح سے معمور ہوتے جائیں۔ 19 زبوروں، حمدوں اور روحانی گیتوں سے ایک دوسرے کی* حوصلہافزائی کریں اور اپنے دل میں گنگنائیں اور یہوواہ* کی تعریف میں گیت گائیں۔ 20 اور ہمیشہ ہر چیز کے لیے ہمارے مالک یسوع مسیح کے نام سے خدا اور باپ کا شکر ادا کریں۔
21 چونکہ آپ مسیح کا احترام کرتے ہیں اِس لیے ایک دوسرے کے تابعدار ہوں۔ 22 بیویاں بالکل ویسے ہی اپنے شوہروں کی تابعدار ہوں جیسے وہ ہمارے مالک کی تابعدار ہیں۔ 23 کیونکہ ہر شوہر اپنی بیوی کا سربراہ* ہے، بالکل ویسے ہی جیسے مسیح کلیسیا* کا سربراہ* ہے اور اِس* کا نجاتدہندہ ہے۔ 24 جیسے کلیسیا مسیح کی تابعدار ہے ویسے ہی بیویاں بھی ہر بات میں اپنے شوہروں کی تابعدار ہوں۔ 25 شوہرو، اپنی بیوی سے محبت کرتے رہیں، بالکل ویسے ہی جیسے مسیح نے کلیسیا سے محبت کی اور اِس کے لیے جان دے دی 26 تاکہ اِسے مخصوص کرے اور خدا کے کلام کے پانی سے دھو کر پاک صاف کرے۔ 27 اُس نے ایسا اِس لیے کِیا تاکہ کلیسیا اُس کی نظر میں شاندار ہو اور اِس میں کوئی داغ یا جُھری یا نقص نہ ہو بلکہ یہ پاک اور بےعیب ہو۔
28 اِسی طرح ہر شوہر بھی اپنی بیوی سے ویسے ہی محبت کرے جیسے وہ اپنے جسم سے کرتا ہے۔ جو شوہر اپنی بیوی سے محبت کرتا ہے، وہ اپنے آپ سے محبت کرتا ہے 29 کیونکہ کوئی آدمی اپنے جسم سے نفرت نہیں کرتا بلکہ اِس سے پیار کرتا اور اِسے کھلاتا پلاتا ہے، بالکل ویسے ہی جیسے مسیح کلیسیا کے ساتھ کرتا ہے 30 کیونکہ ہم سب اُس کے جسم کے اعضا ہیں۔ 31 ”اِس لیے مرد اپنے ماں باپ کو چھوڑ دے گا اور اپنی بیوی کے ساتھ جُڑا رہے گا اور وہ دونوں ایک بن جائیں گے۔“ 32 واقعی یہ مُقدس راز بڑا اہم ہے۔ دراصل مَیں مسیح اور کلیسیا کی بات کر رہا ہوں۔ 33 بہرحال آپ میں سے ہر ایک اپنی بیوی سے ویسے ہی محبت کرے جیسے وہ خود سے کرتا ہے اور بیوی اپنے شوہر کا دل سے احترام کرے۔
6 بچو، مالک کی مرضی کے مطابق اپنے ماں باپ کے فرمانبردار رہیں کیونکہ یہ اُس کی نظر میں اچھا ہے۔ 2 وہ پہلا حکم جس کے ساتھ وعدہ کِیا گیا، یہ ہے: ”اپنے ماں باپ کی عزت کرو 3 تاکہ تُم سلامت رہو* اور زمین پر تمہاری عمر لمبی ہو۔“ 4 اور والدو، جہاں تک آپ کا تعلق ہے، اپنے بچوں کو غصہ نہ دِلائیں* بلکہ یہوواہ* کی طرف سے اُن کی تربیت اور رہنمائی* کرتے ہوئے اُن کی پرورش کریں۔
5 غلامو، اپنے اِنسانی مالکوں کا ویسے ہی کہنا مانیں جیسے آپ مسیح کا کہنا مانتے ہیں یعنی خلوصِدل اور احترام اور خوف کے ساتھ۔ 6 صرف تب ہی ایسا نہ کریں جب کوئی دیکھ رہا ہو گویا آپ اِنسانوں کو خوش کرنا چاہتے ہوں بلکہ مسیح کے غلاموں کی طرح ایسا کریں جو دلوجان سے خدا کی مرضی بجا لاتے ہیں۔ 7 پوری لگن سے اپنے مالکوں کی خدمت کریں، یہ سمجھ کر کہ آپ یہوواہ* کی خدمت کر رہے ہیں، آدمیوں کی نہیں۔ 8 کیونکہ آپ کو پتہ ہے کہ جو شخص بھلائی کرتا ہے، چاہے وہ غلام ہو یا آزاد، اُسے یہوواہ* سے اجر ملتا ہے۔ 9 اور مالکو، جہاں تک آپ کا تعلق ہے، یہ باتیں یاد رکھیں اور اپنے غلاموں کے ساتھ اچھا سلوک کریں اور اُن کو دھمکیاں نہ دیں کیونکہ آپ جانتے ہیں کہ اُن کا اور آپ کا مالک آسمان پر ہے اور اُس کی نظر میں سب برابر ہیں۔
10 آخر میں مَیں یہ کہتا ہوں کہ آپ مالک اور اُس کی عظیم قوت سے طاقت حاصل کرتے رہیں۔ 11 وہ جنگی لباس پہن لیں جو خدا کی طرف سے ہے تاکہ آپ ڈٹ کر اِبلیس کی چالوں کا مقابلہ کر سکیں۔ 12 کیونکہ ہم گوشت پوست کے اِنسانوں سے جنگ نہیں کر رہے بلکہ حکومتوں، اِختیار والوں اور اِس تاریک دُنیا کے حکمرانوں سے، ہاں، بُرے فرشتوں* کے آسمانی لشکروں سے۔ 13 اِس لیے وہ جنگی لباس پہن لیں جو خدا کی طرف سے ہے تاکہ آپ بُرے زمانے میں جنگ لڑ سکیں کیونکہ ایسی تیاری کے بعد آپ ثابتقدم رہ سکیں گے۔
14 لہٰذا ثابتقدم رہیں، اپنی کمر پر سچائی کی پیٹی باندھیں، سینے پر نیکی کا بکتر پہنیں 15 اور پاؤں میں امن کی خوشخبری کے جُوتے پہن کر تیار رہیں۔ 16 اِس کے ساتھ ساتھ ایمان کی بڑی ڈھال اُٹھا لیں جس سے آپ شیطان* کے تمام جلتے تیروں کو بجھا سکیں گے، 17 سر پر نجات کا ہیلمٹ پہن لیں اور ہاتھ میں روح کی تلوار یعنی خدا کا کلام اُٹھا لیں۔ 18 اِس کے علاوہ ہر موقعے پر پاک روح کے اثر سے طرح طرح کی دُعائیں اور اِلتجائیں کرتے رہیں۔ اِس کام کے لیے چوکس رہیں تاکہ آپ سارا وقت مُقدس لوگوں کے لیے اِلتجا کر سکیں۔ 19 اور میرے لیے بھی دُعا کریں کہ مجھے بولنے کی صلاحیت دی جائے تاکہ مَیں لوگوں کو دلیری سے مُقدس راز کی وہ خوشخبری سنا سکوں 20 جس کا مَیں سفیر ہوں، باوجود اِس کے کہ مَیں زنجیروں میں جکڑا ہوا ہوں۔ ہاں، دُعا کریں کہ مَیں اِس خوشخبری کے بارے میں دلیری سے بات کر سکوں جیسا کہ میرا فرض ہے۔
21 اب آپ ضرور جاننا چاہیں گے کہ میرا کیا حال ہے۔ میرے پیارے بھائی تخِکُس جو ہمارے مالک کے وفادار خادم ہیں، آپ کو سب کچھ بتائیں گے۔ 22 مَیں اُن کو آپ کے پاس بھیج رہا ہوں تاکہ وہ آپ کو ہمارا حال چال بتائیں اور آپ کے دلوں کو تسلی دیں۔
23 دُعا ہے کہ بھائیوں کو ہمارے باپ خدا اور ہمارے مالک یسوع مسیح کی طرف سے سلامتی، محبت اور ایمان حاصل ہو 24 اور خدا کی عظیم رحمت اُن سب پر رہے جو مالک یسوع مسیح سے دائمی محبت کرتے ہیں۔
یا ”بیٹا بنائے گا“
یا ”بیعانہ؛ پیشگی رقم“
یا ”جماعت“
یونانی میں: ”نیا اِنسان“
”الفاظ کی وضاحت“ کو دیکھیں۔
یونانی میں: ”جسم“
”الفاظ کی وضاحت“ کو دیکھیں۔
یعنی خدا کا گھر
یا ”جسم کے اعضا“
یا ”جماعت“
یا ”نام“
یا ”تربیت“
یعنی کلیسیا
یا ”بےشرمی سے غلط کام۔“ یونانی لفظ: ”اسیلگیا۔“ ”الفاظ کی وضاحت“ میں ”ہٹدھرم چالچلن“ کو دیکھیں۔
یا ”لالچ“
یا ”ذہنی رُجحان۔“ یونانی میں: ”ذہن کی روح“
یا شاید ”آپ“
یا شاید ”آپ کے“
یونانی لفظ: ”پورنیا۔“ ”الفاظ کی وضاحت“ کو دیکھیں۔
”الفاظ کی وضاحت“ میں ”حرامکاری“ کو دیکھیں۔
”الفاظ کی وضاحت“ کو دیکھیں۔
یا شاید ”اپنی“
”الفاظ کی وضاحت“ کو دیکھیں۔
یونانی میں: ”سر“
یا ”جماعت“
یونانی میں: ”سر“
یونانی میں: ”اِس جسم“
یا ”تُم زندگی میں کامیاب ہو“
یا ”تنگ نہ کریں“
”الفاظ کی وضاحت“ کو دیکھیں۔
یا ”نصیحت“
”الفاظ کی وضاحت“ کو دیکھیں۔
”الفاظ کی وضاحت“ کو دیکھیں۔
یونانی میں: ”بُری روحوں“
یونانی میں: ”بُری ہستی“